پاکستان تھیٹر فیسٹیول‘ کے بارہویں روز اجوکا تھیٹر گروپ کی جانب سے’’کون ہے یہ گستاخ‘‘ کے ذریعے سعادت حسن منٹو کو خراجِ عقیدت پیش کیاگیا

بدھ 20 ستمبر 2023 22:52

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2023ء) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں ’’پاکستان تھیٹر فیسٹیول‘‘ کے بارہویں روز اجوکا تھیٹر گروپ کی جانب سے معروف ادیب و ڈرامہ نگار سعادت حسن منٹو کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے تھیٹر پلے ’’کون ہے یہ گستاخ‘‘ اردو زبان میں پیش کیا گیا، تھیٹر کے آغاز میں صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ اور رائٹر شاہد ندیم نے اپنے خیالات کا اظہار کیا، صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کہاکہ ہم اپنے لوگوں کو ٹربیوٹ پیش کررہے ہیں جس میں بڑے لوگوں کو شامل کرنا چاہتے ہیں، آج کا تھیٹر شاہد ندیم کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے، پاکستان سے باہر اور ساری عمر انہوں نے اپنی ٹیم کے ساتھ مل کر کام کیا، ہمارے اصلی ہیرو یہ لوگ ہیں، خدمات کے اعتراف میں صدر آرٹس کونسل نے رائٹر و ڈائریکٹر شاہد ندیم کو شیلڈ دی اور پھول پیش کیے، رائٹر و ڈائریکٹر شاہد ندیم نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہاکہ احمد شاہ ثقافتی جادوگر ہیں، شاہ صاحب فن و ثقافت کے فروغ کے لیے بہترین مواقع فراہم کررہے ہیں، منٹو ہمارا رول ماڈل اور عظیم کہانی کار تھے، یہ کھیل منٹو کو ٹریبیوٹ ہے، یہ ڈرامہ منٹو کی زندگی کا احاطہ کرتا ہے، ڈرامہ کی کاسٹ میں عثمان راج، ایم قیصر، عثمان ضیا، کامران مجاہد، بلال مغل، شہزاد صادق، رضوان ریاض، حافیہ مدثر، عثمان چوہدری اور عظمیٰ حسن شامل ہیں، شاہد ندیم کی تحریر اور مدیحہ گوہر کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’’کون ہے یہ گستاخ‘‘ پہلی بار 2012 میں سعادت حسن منٹو کی صد سالہ پیدائش کے موقع پر تیار کی گئی تھی، یہ ڈرامہ منٹو کی 1948 میں پاکستان ہجرت کے بعد کی زندگی، کام اور واقعات پر توجہ مرکوز کرتا ہے، منٹو خاندانی دباواور بمبئی میں ہندو مسلم کشیدگی سے مایوسی کی وجہ سے ہجرت کر گئے تھے جس نے بمبئی فلم انڈسٹری کے ماحول کو بری طرح متاثر کیا تھا، اس ڈرامے کا آغاز منٹو کے ہندوستان سے پاکستان تک کے سفر سے ہوتا ہے، اس کے ہولناک فرقہ وارانہ فسادات کے تاثرات جو تقسیم پر ان کی تحریروں میں جھلکتے ہیں، منٹو کی کہانیوں ’’خدا کی قاسم‘‘،’’کھول دو‘‘، ’’کل سوارے جو انکھ میری کھلی‘‘، ’’لائسنس‘‘، ’’انکل سام کو خط‘‘، ’’ٹھنڈا گوشت‘‘ اور ’’ٹوبہ‘‘ کو ڈرامائی انداز سے پیش کیا گیاجبکہ ڈرامے کا اختتام مجید امجد کے منٹو کو زبردست شاعرانہ خراج تحسین ’’کون ہے یہ گستاخ‘‘ پر ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

ڈرامہ دیکھنے کے لیے شائقین کی بڑی تعداد ہال میں موجود تھی جو لمحہ بہ لمحہ اداکاروں کی بہترین پرفارمنس سے لطف اندوز ہوتی رہی۔