ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئرشیخ اورڈپٹی سیکرٹری برائے وزیراعلی پنجاب علی رضا رات گئے الائیڈ ہسپتال پہنچ گئے، سروسز ڈلیوری کا جائزہ لیا

جمعہ 22 ستمبر 2023 22:21

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 ستمبر2023ء) ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئرشیخ اورڈپٹی سیکرٹری برائے وزیراعلی پنجاب علی رضاگزشتہ رات گئے الائیڈ ہسپتال پہنچ گئے اورہسپتال میں سروسز ڈلیوری کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے ڈپٹی سیکرٹری کو سرجیکل ایمرجنسی اور اوپی ڈی کی توسیع کے منصوبہ بارے بریفنگ دی جبکہ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محمد فہیم یوسف نے طبی وانتظامی امور سے آگاہ کیا۔

ڈپٹی کمشنر اور ڈپٹی سیکرٹری نے مریضوں کے علاج معالجہ،ادویات کی دستیابی،مشینری کے فعال ہونے،وارڈز میں صفائی،صاف ستھری بیڈشیٹس وتکیے،ڈاکٹر وپیرامیڈیکس سٹاف کی موجودگی کا جائزہ لیا۔انہوں نے واش رومز میں صفائی کا معیار اور صابن کی دستیابی بھی چیک کی ۔ انہوں نے وارڈز میں زیرعلاج مریضوں سے علاج معالجہ کی سہولیات اور ادویات ملنے کے بارے میں دریافت کیااور کہا کہ نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے ہسپتالوں کی حالت سنوارنے پر خصوصی توجہ مرکوزکررکھی ہے لہذاصحت کے شعبہ میں حکومتی اقدامات کے ثمرات عام مریضوں تک بلارکاوٹ پہنچنے چاہیں ۔

(جاری ہے)

دریں اثناء ڈپٹی کمشنراورڈپٹی سیکرٹری ٹو چیف منسٹرپنجاب نے گورنمنٹ جنرل ہسپتال سمن آباد کا بھی اچانک دورہ کیااورہسپتال میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی علاج معالجہ کی سہولیات کو چیک کیا۔انہوں نے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سے ہسپتال کی اپ گریڈیشن کے منصوبہ پر بریفنگ لی اورمریضوں ولواحقین سے بھی ملاقات کی۔انہوں نے ڈیوٹی ڈاکٹرز کی موجودگی کو چیک اور ادویات کی دستیابی کا ریکارڈ دیکھا۔انہوں نے کہا کہ نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی کی ہدایات کے مطابق ہسپتالوں کی اچانک انسپکشن کا عمل جاری رہے گا۔ ہسپتالوں کے اچانک دوروں کی بنیادی وجہ ہسپتالوں میں دستیاب سہولیات کی بہتری ،انتظامی امور کو مزید موثربنانا اور مریضوں کے علاج معالجہ کے لیے آسانیاں پیدا کرنا ہے۔

متعلقہ عنوان :