اسٹیٹ بینک نے سوہنی دھرتی ترسیلاتِ زر پروگرام میں ڈائمنڈ کیٹیگری متعارف کروادیں

جمعہ 22 ستمبر 2023 22:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2023ء) سوہنی دھرتی ترسیلات زر پروگرام میں ایک نئی ڈائمنڈ کیٹیگری کا اضافہ کیا گیا ہے جس کا اطلاق 22 ستمبر 2023 سے ہوگا۔ نئی کیٹیگری موجودہ تین کیٹیگریز یعنی 'گرین'، 'گولڈ' اور 'پلاٹینم' کے علاوہ ہے۔واضح رہے کہ مالی سال 24 کی بجٹ تقریر میں اس وقت کے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ڈائمنڈ کیٹیگری شروع کرنے کا اعلان کیا تھا جس میں اضافی انعامی پوائنٹس، غیر ممنوعہ بور کا اسلحہ لائسنس، پاکستانی سفارت خانوں/ ہوائی اڈوں پر ترجیحی سلوک اور ڈائمنڈ کیٹیگری ہولڈرز کے لیے مفت پاسپورٹ جیسے فوائد شامل ہیں۔

سوہنی دھرتی ترسیلاتِ زر پروگرام پوائنٹس پر مبنی ایک پروگرام ہے، جس میں ترسیلاتِ زر بھیجنے والے باضابطہ چینلز (اسٹیٹ بینک کے دائرہ کار میں آنے والے اداری) کے ذریعے ترسیلاتِ زر بھیج کر انعامی پوائنٹس حاصل کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

ترسیلاتِ زر بھیجنے والا اور اس کے استفادہ کنندگان مفت مصنوعات اور خدمات حاصل کرسکتے ہیں، مثلا، انعامی پوائنٹس کے استعمال سے انہیں امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ بیورو میں امیگرنٹ رجسٹریشن فیس، درآمد شدہ موبائل اور گاڑیوں پر فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو ڈیوٹی کی ادائیگی؛ اوورسیز پاکستانیز فاونڈیشن (او پی ایف) کی اسکول فیس؛ اور ڈائریکٹوریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹس میں پاسپورٹ کی تجدیدی فیس کے حوالے سے فائدہ ہوگا۔

مزید برآں، پی آئی اے کے بین الاقوامی فضائی ٹکٹوں اور اضافی سامان کے چارجز؛ اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن میں لائف انشورنس / تکافل پریمیم کی ادائیگی؛ اور یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن آف پاکستان سے کی جانے والی خریداری پر بھی انعامی پوائنٹس کے استعمال سے فائدے حاصل کیے جاسکتے ہیں۔ یہ انعامی پوائنٹس ایپلی کیشن پر ورچوئل کارڈ کی شکل میں ظاہر ہوتے ہیں، جو ہر ترسیلِ زر کے بعد انعامی پوائنٹس کے ساتھ ازخود اپ ڈیٹ ہوتے ہیں۔

سوہنی دھرتی ترسیلاتِ زر پروگرام کی جانب سے 1BILL اور پے پاک (PayPak) جیسی خدمات پر بھی اضافی انعامی پوائنٹس کے استعمال کی پیشکش کی جارہی ہے۔ جس سے ترسیلاتِ زر بھیجنے والے اور استفادہ کنندگان کو مرچنٹس اور پاکستانی ای کامرس کے اسٹورز پر بلز کی ادائیگیوں اور پے پاک کارڈ استعمال کرنے پر فائدہ ملے گا۔سوہنی دھرتی ترسیلاتِ زر پروگرام کی تفصیلات ذیل میں درج لنکس سے حاصل کی جاسکتی ہیں:https://www.sbp.org.pk/sohnidharti/index.html۔https://1link.net.pk/sohni-dharti