بجلی کی فی یونٹ قیمت میں مزید 3 روپے سے زائد اضافہ کر دیا گیا

نیپرا کی جانب سے بجلی 3 روپے 28 پیسے فی یونٹ مہنگی کر دی گئی، بجلی سہ ماہی ایڈ جسٹمنٹ کی مد میں مہنگی کی گئی

muhammad ali محمد علی ہفتہ 23 ستمبر 2023 00:25

بجلی کی فی یونٹ قیمت میں مزید 3 روپے سے زائد اضافہ کر دیا گیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 ستمبر2023ء) بجلی کی فی یونٹ قیمت میں مزید 3 روپے سے زائد اضافہ کر دیا گیا، نیپرا کی جانب سے بجلی سہ ماہی ایڈ جسٹمنٹ کی مد میں مہنگی کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق مہنگائی کی چکی میں پس رہی عوام پر مہنگائی کا ایک اور بم گرا دیا گیا ہے۔ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے بجلی 3 روپے 28 پیسے فی یونٹ مہنگی کر دی گئی، بجلی سہ ماہی ایڈ جسٹمنٹ کی مد میں مہنگی کی گئی ہے۔

بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا اطلاق یکم اکتوبر 2023ء سے مارچ 2024ء تک ہو گا، بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کا اطلاق تمام صارفین پر ہوگا۔ نیپرا کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ حکومت کو بھجوا دیا گیا۔ جبکہ بجلی صارفین پر مزید 33 ارب روپے کا اضافی بوجھ ڈالنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔

(جاری ہے)

فیول ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی 1 روپے 83 پیسے فی یونٹ مہنگی ہونے کا امکان ہے۔

سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے اگست کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی درخواست دائر کر دی ہے۔ نیپرا اتھارٹی 27 ستمبر کو درخواست کی سماعت کے بعد فیصلہ کرے گی۔ اگست میں 15 ارب 47کروڑ 20 لاکھ یونٹس بجلی کمپنیوں کو فراہم کئےگئے۔ سی پی پی اے کے مطابق اگست میں مہنگے فرنس آئل سے 4.07 فیصد بجلی پیدا کی گئی فرنس آئل سے بجلی کی لاگت33 روپے 32پیسےفی یونٹ رہی۔

گیس سے 7.60 فیصد درآمدی ایل این جی سے17.17فیصد بجلی پیدا کی گئی۔ اگست میں کوئلے سے 10.26 درآمدی کوئلے سے 4.51 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔ اگست میں جوہری ایندھن سے12.79 فیصدبجلی پیدا ہوئی۔ اسی ماہ میں بجلی کی پیداواری لاگت 8 روپے47 پیسے فی یونٹ رہی۔ اگست کےلئے بجلی کی ریفرنس لاگت 6 روپے 64 پیسے مقرر تھی۔ دوسری جانب کراچی کے بجلی صارفین کو بھی 440 وولٹ کا تگڑا جھٹکا دیے جانے کا امکان ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ملک میں بجلی مہنگی ہو جانے کے تمام ریکارڈ ٹوٹ جانے کے باوجود کراچی والوں کیلئے فی یونٹ بجلی کی قیمت 10 روپے سے زائد بڑھائی جا سکتی ہے۔ وفاقی حکومت کی جانب سے نیپرا کو درخواست دی گئی کہ کراچی کے بجلی صارفین کیلئے بجلی 10 روپے 32 پیسے فی یونٹ تک مہنگی کر دی جائے۔ درخواست موصول ہونے کے بعد نیپرا کی جانب سے اس معاملے کا سماعت کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی حکومت نے کراچی کے بجلی صارفین کیلئے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی مہنگی کرنے کی درخواست کی ہے۔ وفاقی حکومت نے 2022-23 کی مختلف سہ ماہی ایڈجسٹمنٹس کی مد میں بجلی کی قیمت میں اضافہ مانگا ہے۔ نیپرا حکام کے مطابق اکتوبر تا دسمبر 2022ء کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں47 پیسے اضافہ مانگا گیا ہے۔ جولائی تا ستمبر 2022 کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت 4.45 روپے فی یونٹ اضافہ مانگا گیا ہے جب کہ اپریل، مئی اور جون کے لیے 5 روپے 46 پیسے بھی وصول کیے جانے کی درخواست کی گئی ہے۔

وفاقی حکومت کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ دیگر ڈسکوز صارفین سے ایڈجسمنٹ کی وصولیاں کی جا چکی ہیں۔ نیپرا کو دی گئی درخواست میں بتایا گیا ہے کہ ٹیرف ایڈجسٹمنٹ کے بعد تقریباً 8 روپے سے زائد کا اضافہ بنتا ہے۔ صنعتوں کے لیے ایڈجسٹمنٹ کو شامل کر کے فی یونٹ ریٹ 37 سے 47 روپے ہوجائے گا، جب کہ صرف انڈسٹری کے لیے ٹیرف میں یہ اضافہ بغیر ٹیکسز کے ہوگا۔