چالان کا ٹارگٹ پورا کرنے کے لئے تعینات ٹریفک وارڈنزآپے سے باہر

مال روڈ پروارڈن نے موٹرسائیکل سوارنوجوان کا سرپھاڑدیا، سی ٹی او کا نوٹس، ٹریفک وارڈن معطل

ہفتہ 23 ستمبر 2023 22:22

چالان کا ٹارگٹ پورا کرنے کے لئے تعینات ٹریفک وارڈنزآپے سے باہر
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 ستمبر2023ء) صوبائی دارالحکومت لاہور میں ٹریفک کی خلاف ورزی پر چالان کا ٹارگٹ پورا کرنے کے لئے تعینات ٹریفک وارڈنز آپے سے باہر ہو گیا،مال روڈ پر تعینات ٹریفک وارڈنز نے موٹرسائیکل سوار نوجوان کا سر پھاڑ دیا،استنبول چوک میں تعینات وارڈن ساجد نے موٹرسائیکل سوار ارسلان کو روکا ، ارسلان اپنے چھوٹے بھائی اعجاز کے ساتھ جا رہا تھا ، متاثرہ شہری ارسلان کا کہنا ہے کہ ٹریفک وارڈن نے موٹرسائیکل کے کاغذات کا مطالبہ کیا جو اسکے دئیے گئے۔

(جاری ہے)

کاغذات مکمل ہونے کے باوجود وارڈن چالان کرنے کے لئے بضد تھا۔ عینی شاہدین کے مطابق اسی دوران شہری اور وارڈن کے دوران تلخ کلامی ہوئی جس پر ٹریفک وارڈن نے پہلے شہری کو تھپڑ مارے بعد میں وائرلیس سیٹ مار دیا،وائرلیس سیٹ لگنے سے نوجوان کا سر پھٹ گیا ،متاثر نوجوان وارڈن کے خلاف درخواست دینے کیلئے انارکلی تھانے پہنچ گیا۔سی ٹی او لاہور مستنصر فیروز نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ٹریفک وارڈن کو معطل کر دیا جبکہ ڈی ایس پی کو واقعہ کی انکوائری کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت جاری کر دی ۔ سی ٹی او کا کہنا ہے کہ شہری پر تشدد کے واقعہ میں ملوث ٹریفک وارڈن کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :