کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے 13 مبینہ دہشت گرد گرفتار ، اسلحہ اور بارودی مواد برآمد

ہفتہ 23 ستمبر 2023 19:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2023ء) کانٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ نے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا، کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے 13 مبینہ دہشت گرد گرفتار کرکے اسلحہ اور بارودی مواد برآمد کر لیا۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ سی ٹی ڈی پنجاب دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہے، کانٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ(سی ٹی ڈی) پنجاب نے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے آپریشنز کے دوران کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے 13مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان کے مطابق سی ٹی ڈی پنجاب نے دہشت گردی کے کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے موثر طریقے سے نمٹنے کے لیے صوبہ بھر کے مختلف اضلاع میں83خفیہ آپریشنز کئے جن کے دوران83مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ کی گئی اور کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے13مبینہ دہشت گرد گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے اسلحہ، دھماکہ خیز اور دیگر ممنوعہ مواد برآمد کر لیا، گرفتار مبینہ دہشت گردوں میں خورشید، عبدالرشید، عرفان اللہ، لقمان خان، وحید خان، رضوان اللہ، محمد عامر، شیخ محمد، عامر اسماعیل، محمد رحمان، واجد رمضان، الہام الدین اور محمد اسامہ شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ملزموں کا تعلق کالعدم تنظیموں تحریک طالبان پاکستان، داعش، تحریک جعفریہ پاکستان اور لشکر جھنگوی سے ہے۔ان دہشت گردوں کی گرفتاری راولپنڈی، اٹک، بہاولنگر، لاہور، جہلم، شیخوپورہ اور بہاولپورمیں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران عمل میں لائی گئی۔