ایبٹ آباد، تمام سیاسی جماعتیں ملک کو بحران سے نکالنے کے لئے مشترکہ کوشش کریں،آفتاب احمد شیرپاؤ

منگل 26 ستمبر 2023 18:33

ایبٹ آباد، تمام سیاسی جماعتیں ملک کو بحران سے نکالنے کے لئے مشترکہ ..
ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2023ء) قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب احمد خان شیر پاؤ نے کہا ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں ملک کو بحران سے نکالنے کے لئے مشترکہ کوشش کریں،آنے والی حکومت کو بڑے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑے گا،صاف وشفاف الیکشن کے لئے امن امان کا قیام مرکزی و صوبائی حکومت اورالیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔الیکشن کمیشن کی جانب سے جنوری میں الیکشن کے انعقادکے اعلان کو سراہتے ہیں۔

وہ منگل کو یہاں ایبٹ آباد پریس کلب میں صحافیوں سے بات چیت کررہے تھے۔اس موقع پرپارٹی کے مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری احمد نواز خان جدون،سابق رکن صوبائی اسمبلی فا ئزہ رشید اور دیگر ضلعی و تحصیل عہدیداران موجود تھے۔آفتاب احمد خان شیرپاؤ کا کہنا تھا کہ الیکشن میں ووٹرز کی بھی بڑی ذمہ داری ہے۔

(جاری ہے)

وہ کھوکھلے نعروں پر ووٹ کا فیصلہ نہ کریں۔ 9 مئی واقعات کے بعد ملک کی صورتحال پیچیدہ ہوئی ہے،معاشی صورتحال بہتر نہیں ہے،پٹرولیم کی مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ سے مہنگائی کی شرح بڑھ رہی ہے،پاکستان میں 9کروڑ افراد غربت کی لکیر سے نیچے آ چکے ہیں۔

مرکزی سربراہ قومی وطن پارٹی کا کہنا تھا کہ حکومت کو قانون کی حکمرانی کے لئے نیشنل ایکشن پلان کو ترجیح دینی چائیے۔ صوبے مضبوط ہوں گے تو مرکز مضبوط ہوگا۔مرکز صوبوں کو این ایف سی میں ان کا حصہ دے تاکہ وہ اپنے پاؤں پر کھڑے ہو سکیں۔ اس موقع پر بڑا جنبہ رکھنے والے افراد نے بھی قومی وطن پارٹی میں باضابطہ شمولیت کا اعلان کیا۔