تحریک انصاف کی جانب سے جیل سے رہائی کے فوراً بعد کارکنان کی پھرسے گرفتاریوں کی شدید الفاظ میں مذمت

منگل 26 ستمبر 2023 21:00

تحریک انصاف کی جانب سے جیل سے رہائی کے فوراً بعد کارکنان کی پھرسے گرفتاریوں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 ستمبر2023ء) پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے جیل سے رہائی کے فوراً بعد کارکنان کی پھر سے گرفتاریوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ عدالت سے ضمانت پر رہائی پانے کے بعد مرد و خواتین کارکنان کی گرفتاریاں نظامِ انصاف کے چہرے پر طمانچہ ہیں۔ اپنے بیان میں ترجمان تحریک انصاف نے کہاکہ ظلم و سفّاکیّت کی کوئی حد نہیں جو مرد و خواتین شہریوں کو تحریک انصاف سے وابستگی کی سزا دینے کیلئے پامال نہیں کی گئی۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہاکہ بیگناہ ماؤں، بہنوں، بیٹیوں کو بطورِ خاص جبر و فسطائیت کا نشانہ بناکر قانون کے ساتھ اسلامی اقدار کا جنازہ نکالا جارہا ہے۔ ترجمان نے کہاکہ چیف جسٹس ریاستی مشینری کی ملک میں جاری حیوانیّت کا فوری نوٹس لیں اور شہریوں خصوصاً تحریک انصاف کے کارکنان، قائدین اور ان کے اہلِ خانہ کے بنیادی آئینی حقوق کو تحفظ فراہم کریں۔ ترجمان تحریک انصاف کے مطابق قانون کے غلط استعمال میں ملوث پولیس اور ریاستی اہلکاروں کیخلاف توہینِ عدالت کی کارروائی کرتے ہوئے ان کا کڑا محاسبہ کیا جائے۔