دامن مصطفی ﷺ عطا کرنا اللہ کابہت بڑا احسان ہے، علامہ الیاس قادری

جشن ولادت کی محبت ہمارے دل میں ہمیشہ رہے گی، امیر اہل سنت کی مدنی مذاکرے میں گفتگو

منگل 26 ستمبر 2023 22:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 ستمبر2023ء) امیر اہل سنت علامہ محمد الیاس قادری نے کہا ہے کہ اللہ پاک نے سب سے پہلے نبی رحمت ﷺ کے نور کو پیدا فرمایا،صحابہ کرام سرکار ﷺ سے بہت محبت کرتے تھے،مولا علی کا فرمان ہے کہ سخت گرمیوں میں ٹھنڈے پانی سے زیادہ ہمیں نبی کریمﷺ سے محبت تھی،یہ ایک مثال دی گئی ہے،جس طرح سخت گرمی میں ٹھنڈا پانی بہت عزیز ہوتا ہے،ایسے میں ٹھنڈا پانی سب سے بڑی نعمت محسوس ہوتااس سے بھی بڑھ کر صحابہ کرام سرکار ﷺ سے محبت کرتے تھے۔

ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میںمدنی مذاکرے میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ امیر اہل سنت نے کہا کہ ہمیں سرکار ﷺ سے کتنی محبت ہے اور دنیا سے کتنی محبت ہے اگر اپنے دل کو چیک کریں تو بہت شرم آتی ہے،اللہ پاک ہمارے حال پر رحم فرمائے،عاشقان رسول کے صدقے ہمیں بھی عاشق رسول بنادے، یاد رکھیں کہ جو جس سے محبت کرے گا قیامت کے دن بھی اسی کے ساتھ ہوگا،یہ بات سن کر صحابہ کرام کو بہت خوشی ہوئی،ہمیں بھی غور کرنا چاہئے کہ ہم کس سے محبت کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

امیر اہلسنت نے کہا کہ یہ اللہ پاک کا بڑ ا احسان ہے کہ اس نے ہمیں سرکار ﷺ کا دامن عطا فرمادیا،اللہ پاک نے ہمیں بے شمار نعمتیں عطا فرمائیں لیکن یہ ارشاد نہیں فرمایا کہ تم پر بہت بڑا احسان فرمایا مگر جب بی بی آمنہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کے لعل ﷺ کی باری آئی تو اللہ پاک نے ایمان والوں سے فرمایا کہ ہم نے تم پر بہت بڑا احسان فرمایا،ہم نے تمہیں سب سے عظیم،سب سے زیادہ عزت والا اور سب سے بڑی عظمت والا رسول عطا فرمایا۔

امیر اہل سنت نے کہا کہ صحابہ کرام بھی سرکار ﷺ کا میلاد مناتے تھے،ہم بھی میلاد منارہے ہیں،قرا ٓن پاک کی آیات کی تلاوت کررہے ہیں،نعتیں پڑھ رہے ہیں،علماء کرام بھی میلاد کررہے ہیں،نیکی کی تلقین کررہے ہیں،ہم میلاد مناتے رہیں گے،کوئی کچھ بھی کرلے جشن ولادت کی محبت ہمارے دل میں ہمیشہ رہے گی اور آنے والی نسلوں کو بھی اس کی تعلیم دیتے رہیں گے۔