حضرو، حاجی عارف حسین کی دین کیلئے نمایاں خدمات ہیں ، ضلعی صدر جمعیت علما پاکستان

منگل 26 ستمبر 2023 19:20

حضرو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2023ء) جمعیت علماء پاکستان کے ضلعی صدر ملک رفاقت حقانی نے کہا ہے کہ سابق ضلعی صدر حاجی عارف حسین کی دین کیلئے نمایاں خدمات ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹی ایم اے حضرو میں چھچھ محافظ کمیٹی کے زیر اہتمام سابق ضلعی صدر جے یو پی وصدر چھچھ محافظ کمیٹی حاجی عارف حسین کی وفات کے سلسلے میں تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب سے مولانا فضل الوہاب،شہزاد احمد چشتی،مولانا قمر الاسلام،خالد خان،مولانا مسعود اختر ضیاء،نثار علی خان،نصیر خان جدون،ارشد محمود،حسیب عارف نے بھی خطاب کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صد ر میلاد کمیٹی حضرو ملک وقار خان،سابق چیئرمین بلدیہ حضرو نزاکت خان،حاجی احسان خان نمبردار،جاوید مجید خان،حاجی شفیق آرائیں،خان افضل کے علاوہ دیگر معززین علاقہ بھی موجود تھے ۔

مقررین نے کہا کہ حاجی عارف حسین نے ساری زندگی تحریکوں میں گزاری ،جب بھی کوئی سیاسی یا مذہبی تحریک چلی حضرو میں ان کا نمایاں کردار تھا ،چھچھ میں قیام امن اور مذہبی آہنگی کیلئے بھی انکا کردار سب سے نمایاں ہے ،ان کی وفات سے علاقہ چھچھ کے عوام ایک اہم اور جرات مند لیڈر سے محروم ہو گئے ۔آخر میں مولانا قمر الاسلام نے حاجی عارف حسین کیلئے دعائے مغفرت کی ۔