چکار،کسیاں ریاٹ روڈ کی دیواروں کی تعمیر میں ناقص میٹریل کا استعمال

کروڑوں روپے کی لاگت سے 1 کلومیٹر لمبی بننے والی سڑک کے ٹھیکیدارکی اندھیر نگری

بدھ 27 ستمبر 2023 16:12

چکار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 ستمبر2023ء) کسیاں ریاٹ روڈ کی دیواروں کی تعمیر میں ناقص میٹریل کا استعمال، کروڑوں روپے کی لاگت سے 1 کلومیٹر لمبی بننے والی سڑک کے ٹھیکیدارکی اندھیر نگری۔ سڑک کی دیواروں میں بے خوف و خطر ناقص میٹریل کا استعمال جاری۔مختلف جگہ سے بغیر کھدائی کے ناقص میٹریل ڈال کے سڑک کی تعمیر شروع کر دی گئی، اعلیٰ حکام نوٹس لیں۔

تفصیلات کے مطابق یونین کونسل میراں کلاں سپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر کے حلقہ انتخاب میں کسیاں ریاٹ روڈ کی تعمیر میں سرعام ناقص مٹیریل کا استعمال کیا جانے لگا، کروڑوں روپے کی لاگت سے بننے والی ایک کلومیٹر کی سڑک تعمیر کا ٹینڈر کروڑوں روپے میں دیا گیا۔ٹھیکیدار کی جانب سے ناقص میٹریل استعمال کرنے کے باوجود محکمہ کی جانب سے چیکنگ کے لئے کوئی اقدامات نہ کیے گئے۔

(جاری ہے)

محکمہ ہائی وے کی کھلی چھٹی کے باعث متعلقہ ٹھیکیدار دھڑلے سے ناقص میٹریل کا استعمال کر رہا ہے۔ذرائع کا کہناہے کہ ناقص حکمت عملی کے تحت سڑک کی دیواروں میں سیمنٹ کی مناسب مقدار نہ ہونے کی وجہ سے بارش کے باعث دیواروں کے گرنے کا خطرہ ہے جس سے عوام علاقہ کو بھاری جانی و مالی نقصان پہنچ سکتا ہے۔ذرائع نے انکشاف کیا کہ محکمہ ہائی وے کی طرف سے کروڑوں روپے کا ٹھیکہ دینے کے بعد کسیاں ریاٹ سڑک بنانے کا کام شروع ہوا، لیکن ناقص مٹیریل اور ناقص حکمت عملی کے باعث عوام علاقہ نے ذمہ داران سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔