بھارت ،منی پور میں طلباء کااحتجاج ، پولیس کی شیلنگ سے 50سے زائد طلباء زخمی

بدھ 27 ستمبر 2023 23:37

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 ستمبر2023ء) بھارت کی شورش زدہ ریاست منی پور میں طلبا ء نے احتجاجی مظاہرے کئے جس کے دوران پولیس کی شیلنگ سے 50سے زائدطلباء زخمی ہوگئے ہیں۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی ذرائع ابلاغ نے بتایا کہ منی پور کی انتظامیہ نے دارالحکومت امپھال سمیت پوری ریاست میں یکم اکتوبر تک انٹرنیٹ سروسز دوبارہ معطل کرنے کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

بھارتی میڈیا کے مطابق طلبا ء میتی قبیلے کے دو طالب علموں کی ہلاکت کے خلاف احتجاج کر رہے تھے۔ واضح رہے کہ منی پور میں پانچ ماہ سے بند انٹرنیٹ سروسز پچھلے دنوں 23ستمبر کو بحال کی گئی تھیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق منی پور میں رواں سال مئی سے میتی اور کوکی قبائل کے درمیان نسلی فسادات جاری ہیں اوران فسادات میں اب تک 175 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ متعدد لاپتہ ہیں۔