کیسکو،بجلی چوروں ،نادہندگان کیخلاف کارروائی ، نادہندگان سے بقایاجات کے 3کروڑ روپے وصول

بدھ 27 ستمبر 2023 19:00

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 ستمبر2023ء) کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو) کی بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف خصوصی مہم صوبہ کے تمام آپریشن سرکلز میں جاری ہے ۔اس سلسلے میں وفاقی حکومت کی ہدایات پر کیسکوکی ٹیموںنے بدھ کے روز بھی صوبائی دارالحکومت کوئٹہ شہرسمیت صوبہ کے تمام علاقوںمیں سرویلنس اسٹاف اور پولیس کے ہمراہ بڑے پیمانے پر کارروائی کی گئیں۔

اس دوران سمنگلی روڈ پر کارروائی کے دوران 11گھریلوصارفین اور ایک ٹیوب ویل کے شنٹ کئے گئے میٹرز اُتارکر اُنہیں جرمانہ عائد کردئیے گئے ،اسی طرح سبی روڈ کوئٹہ میں 7بجلی چوروںکے خلاف قانونی کارروائی کیلئے درخواست جمع کرادی گئیں نیز کارروائی کے دوران دشت کے علاقہ سے 6نادہندگان کے ٹرانسفارمرزبھی عدم دائیگی پر اُتاردئیے گئے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ کوئٹہ میں گریس ہوٹل کا میٹر بھی شنٹ پایاگیا جن کی بجلی کیسکوٹیم نے منقطع کردی ،اسی طرح حاجی غیبی روڈ کے علاقہ میں بھی کارروائی کے دوران بجلی چوری میں ملوث 19 افرادکے خلاف قانونی کاروائی کیلئے پولیس تھانوںکو درخواستیں جمع کرادی گئیں ۔

اس دوران کوئٹہ شہرکے مختلف علاقوں سے 61کنکشنز بھی بلوںکی عدم ادائیگی پر منقطع کردئیے گئے۔ لورالائی میںسرویلنس اور کیسکو ٹیم کی کارروائی کے دوران ڈی جی خان روڈپرواقع سردارسکندرحیات خان کا ایک ماربل فیکٹری بجلی چوری میں ملوث نکلا جبکہ اُسی کنکشن سے ایک پیٹرول پمپ اور زیر تعمیر ہوٹل بھی ڈائریکٹ بجلی استعمال کررہے تھے جن کی بجلی کیسکو ٹیم نے منقطع کرکے ٹرانسفارمراُتاردئیے تاہم اس دوران فیکٹری کے ملازمین نے مزاحمت کرتے ہوئے روڈبلاک کردیا اورٹرانسفارمرنہ لے جانے دیا جبکہ کیسکواسٹاف کے ساتھ دست اندازی اور انھیں دھمکیاں بھی دی گئی ، اسی طرح لورالائی میں منوج اکیڈیمی اور 2کمرشل مارکیٹ بھی غیرقانونی طورپر ڈائریکٹ چل رہے تھے جنکے ٹرانسفارمرزاُتارلئے گئے اور اُنکے خلاف مزید قانونی کارروائی کی جارہی ہے نیز لورالائی ،ژوب، ہرنائی ،دکی ،کوہلو اور قلعہ سیف اللہ سے 8نادہندگان کے ٹرانسفارمرز جبکہ 3غیر قانونی ٹرانسفارمرزبھی اُتاردئیے گئے نیزبلوںکی عدم ادائیگی پر نادہندگان کے 63کنکشنزپر منقطع کردئیے گئے اوراس دوران مختلف نادہندگان سے بقایاجات کی مدمیں ایک کروڑروپے سے زائد وصول کئے گئے۔

پشین ،چمن ،خانوزئی اور یاروکے علاقوںمیں کارروائی کے دوران 16غیر قانونی کنکشنز پکڑے گئے جن کے خلاف متعلقہ تھانوںمیں قانونی کارروائی کیلئے درخواستیں جمع کرادئیے گئے۔اس کے علاوہ چمن سے نادہندگان کے 3ٹرانسفارمرزبلوںکی عدم ادائیگی پراورپشین سے 5غیر قانونی ٹرانسفارمرزاُتاردئیے گئے نیز کارروائی کے دوران مختلف علاقوں سے 75نادہندگان کے کنکشنز عدم ادائیگی پرمنقطع کردئیے گئے جبکہ نادہندگان سے بقایاجات کی مدمیں 85لاکھ روپے اور بجلی چوروں سے جرمانہ کی مدمیں 7لاکھ 10ہزارروپے بھی وصول کرلئے گئے۔

کیسکوکی ٹیم نے خضدار کے علاقہ میں کارروائی کے دوران نادہندگان کے 4ٹرانسفارمرز اُتاردئیے جن میں سے ایک انڈسٹریل ، ایک کمیونٹی واٹر سپلائی کنکشن جبکہ 2دیگر نادہندہ صارفین کے ٹرانسفارمرشامل ہیں۔ اس کے علاوہ قلات ،منگچر،مستونگ،کانک، خاران،ماشکیل اور تفتان کے علاقوںمیں بھی کارروائی کے دوران کیسکونے نادہندگان کے 17ٹرانسفارمروںکے جمپرز کاٹ دئیے اور ان کی بجلی منقطع کردی گئی جبکہ اس دوران نادہندگان سے بقایاجات کے 60لاکھ روپے بھی وصول کئے گئے۔

اس کے علاوہ ڈیرہ مرادجمالی سے 5نادہندگان کے ٹرانسفارمرزعدم دائیگی پر اُتاردئیے اسکے علاوہ سبی ، ڈھاڈر،ڈیرہ مرادجمالی ،صحبت پور اورڈیرہ اللہ یار کے علاقوں میں58نادہندگان کے برقی کنکشنز منقطع کردئیے گئے جبکہ اس دوران نادہندگان سے بقایاجات کے 44لاکھ روپے بھی وصول کئے گئے۔ اس کے علاوہ تربت، گوادرشہر،پسنی سے بھی کیسکونے کارروائی کرتے ہوئے نادہندگان 49کنکشنز منقطع کردئیے ۔