ملک کی ترقی واستحکام اور امن کیلئے ایک دوسرے سے تعاون بڑھانا ہوگا

پاک فوج خیبرپختونخواہ کی ترقی استحکام کو یقینی بنانے کیلئے کردار ادا کرتی رہےگی، ملکی ترقی میں خواتین کا کردار نہایت اہمیت رکھتا ہے، خواتین خیبرپختونخواہ اور نئے ضم شدہ اضلاع کی ترقی میں بھرپورکردارادا کریں،آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا پشاور کا دورہ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 27 ستمبر 2023 20:45

ملک کی ترقی واستحکام اور امن کیلئے ایک دوسرے سے تعاون بڑھانا ہوگا
راولپنڈی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 ستمبر 2023ء) چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیرنے کہا ہے کہ ملک کی ترقی واستحکام اور امن کیلئے ایک دوسرے سے تعاون بڑھانا ہوگا،پاک فوج خیبرپختونخواہ کی ترقی استحکام کو یقینی بنانے کیلئے کردار ادا کرتی رہے گی، ملکی ترقی میں خواتین کا کردار نہایت اہمیت رکھتا ہے، خواتین خیبرپختونخواہ اور نئے ضم شدہ اضلاع کی ترقی میں بھرپورکردارادا کریں۔

پاک فوج کے تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا پشاور کا دورہ ، آرمی چیف نے خواتین سمپوزیم اور صوبائی ایپکس کمیٹی اجلاس میں شرکت کی، پاکستان کی تاریخ میں خواتین نے ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے، ملکی ترقی میں خواتین کا کردار نہایت اہمیت رکھتا ہے، خیبرپختونخواہ کی خواتین نے دہشتگردی کی طویل جنگ کے باعث بے شمار چیلنجز کا سامنا کیا، خیبرپختونخواہ کی خواتین نے چیلنجز کے باوجود پختہ عزم اور بہادری کا ثبوت دیا، ہمیں اپنے ملک کی ترقی واستحکام اور امن کیلئے ایک دوسرے سے تعاون بڑھانا ہوگا۔

(جاری ہے)

خواتین خیبرپختونخواہ اور نئے ضم شدہ اضلاع کی ترقی میں زیادہ سے زیادہ رول ادا کریں، خواتین نئے ضم شدہ اضلاع کی ترقی میں زیادہ سے زیادہ حصہ لیں تاکہ اس تبدیلی کا بھرپور فائدہ اٹھایا جاسکے۔ آرمی چیف کو ایپکس کمیٹی کے اجلاس کے دوران اسمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی پر بریفنگ دی گئی ،آرمی چیف کو مجموعی سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ شرکاء نے صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں عزم کیا کہ ریاستی ادارے عوام کے جان ومال کے تحفظ کیلئے متحد ہیں، اجلاس کے شرکاء نے شہداء کو زبردست انداز میں خراج عقیدت پیش کیا۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیرنے کہا کہ ملک کے امن اور خوشحالی کیلئے اپنی کوششوں کو ہم آہنگ کرنا ہوگا۔پاک فوج خیبرپختونخواہ کی ترقی استحکام کو یقینی بنانے کیلئے کردار ادا کرتی رہے گی۔