میانمار، جمہوریت نواز جماعت کا 35 واں یوم تاسیس

جمعرات 28 ستمبر 2023 10:30

ینگون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 ستمبر2023ء) میانمار کے عوام آنگ سانگ سوچی اور دیگر کی جانب سے عدم تشدد کے ذریعے جمہوریت کے قیام کے لیے قائم کی گئی سیاسی جماعت نیشنل لیگ فار ڈیموکریسی ’’ این ایل ڈی‘‘ کا 35واں یوم تاسیس منا رہے ہیں۔ جاپانی نشریاتی ادارے کے مطابق میانمار کے عوام آنگ سانگ سوچی اور دیگر کی جانب سے عدم تشدد کے ذریعے جمہوریت کے قیام کے لیے قائم نیشنل لیگ فار ڈیموکریسی ’’ این ایل ڈی‘‘ 27 ستمبر 1988 کو اپنے قیام کے بعد سے جمہوریت نواز تحریک کی سرکردہ قوت رہی ہے۔

2021 کی فوجی بغاوت کے بعد عدم تشدد کے ذریعے مزاحمت مشکل ہوگئی ہے اس لیے این ایل ڈی کے کچھ ارکان نے ہتھیار اٹھا لیے ہیں یا بیرون ملک منتقل ہو گئے ہیں تاکہ جمہوریت نواز سرگرمیوں کو جاری رکھ سکیں۔

(جاری ہے)

میانمار کی فوج بغاوت کے بعد سے جمہوریت نواز قوتوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھے ہوئے ہے۔ اب تک این ایل ڈی کے 1235 ارکان کو حراست میں لیا گیا ہے جن میں سے 26 کی حراست کے دوران موت ہو چکی ہے۔

آنگ سانگ سوچی کے ایک قریبی ساتھی سابق قانون ساز کو گزشتہ سال جولائی میں سزائے موت دے دی گئی۔مقامی اسمبلی میں این ایل ڈی کے ایک سابق رکن کو شمال مغربی میانمار میں جمہوریت نواز مسلح افواج کی قیادت کے لیے چنا گیا ہے۔پارلیمان کی ایک سابق رکن فوجی بغاوت کے بعد اپنی جان بچانے کے لیے فرار ہو گئیں۔ وہ اب سمندر پار مقیم ہیں اور جمہوریت نواز تحریک کے لیے حمایت حاصل کرنے پر توجہ مرکوز کر رہی ہیں۔فوجی کریک ڈاؤن میں کمی کے کوئی آثار دکھائی نہیں دے رہے۔انسانی حقوق کے مقامی گروپ کا کہنا ہے کہ اب تک4ہزار ایک سو عام شہری ہلاک ہو چکے ہیں۔