’کراٹے کی ماہر بیوی مارتی بہت ہے‘

اماراتی شہری نے عدالت کو دکھڑا سناتے ہوئے اہلیہ سے طلاق مانگ لی

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 30 ستمبر 2023 11:54

’کراٹے کی ماہر بیوی مارتی بہت ہے‘
دبئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 30 ستمبر 2023ء ) متحدہ عرب امارات کے شہری نے کراٹے کی ماہر بیوی سے کئی بار پٹنے کے بعد طلاق کیلئے عدالت میں درخواست دائر کردی۔ خلیجی اخبار الامارات الیوم کے مطابق ایک اماراتی شہری نے دبئی میں عائلی امور کی عدالت سے رجوع کیا ہے، جس نے اہلیہ سے طلاق کی درخواست میں موقف اپنایا ہے کہ کراٹے میں بلیک بیلٹ بیوی بہت مارتی ہے اور میں مزید تشدد کا متحمل نہیں ہوسکتا۔

یہ بات دبئی میں عائلی امور کی عدالت کے سربراہ جسٹس عبید المطوع نے بتائی، انہوں نے کہا کہ طلاق کا مطالبہ خواتین ہی نہیں بلکہ مرد بھی کرتے ہیں، بعض مرد ایسے ہیں جو اہلیہ سے پہنچنے والے نقصان سے بچنے کے لیے طلاق کی درخواست کررہے ہیں، ابھی حال ہی میں سامنے آئے ایک کیس میں طلاق کا مطالبہ کرنے والے شہری نے کہا ہے اس کی اہلیہ کراٹے میں بیلک بیلٹ ہے اور وہ اسے بار بار مارتی ہے۔

(جاری ہے)

جسٹس عبید المطوع نے کہا کہ عائلی امور کے قانون میں نئی ترامیم کے تحت طلاق کا مطالبہ کرنے والے کو اس بات کا پابند بنایا گیا ہے کہ وہ خود کو پہنچنے والے نقصان کا ثبوت پیش کرے، یہ پابندی علیحدگی کے فیصلے کو مشکل بنانے کے لیے لگائی گئی ہے، ترمیم کے تحت طلاق کا مطالبہ کرنے والے کو ثابت کرنا ہوگا کہ اسے فریق ثانی سے نقصان کب اور کیسے پہنچا، اگر متاثرہ فریق نے نقصان ثابت کردیا تو اس کے مطالبے پر طلاق کا فیصلہ صادر ہوجائے گا، تاہم ثبوت نہ دینے پر عائلی امور کا جج فریقین کے تنازعات طے کرانے اور مصالحت کے لیے دو ثالث تعینات کرے گا، اگر مصالحت نہ ہوسکی تو درپیش حالات کے مطابق فیصلہ جاری کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ عائلی امور کے قانون نے منگنی سے ہر مرحلے تک کی تفصیلات بیان کردی ہیں، خاندانی زندگی کومنظم کردیا ہے، تحائف، مہر، متعلقہ فریقوں کے کردار اور شادی کے فریقوں سے متعلق تمام امور متعین ہیں، 2009ء سے عائلی امور کے قانون میں ترامیم متعدد مسائل میں بنیادی نوعیت کے ہیں۔