ایشین گیمز، جاپان نے پاکستان ہاکی ٹیم کو شکست دے کر سیمی فائنل کی دوڑ سے باہرکردیا

پیر 2 اکتوبر 2023 22:45

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اکتوبر2023ء) 19ویں ایشین گیمز میں جاپان نے پاکستان ہاکی ٹیم کو ایک سنسنی خیز مقابلے میں شکست دےکر سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر کردیا۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن سے پیر کو یہاں جاری تفصیلات کے مطابق چین کے شہر ہانگ زو میں جاری ایشین گیمز میں جاپان نے پاکستان کو دو کے مقابلہ میں تین گول سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔

پاکستان کی جانب سے سٹرائیکر ارشد لیاقت نے کھیل کے 5ویں منٹ میں فیلڈ گول سکور کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی جوکہ جاپان کے کھلاڑی کائیٹو ٹاناکا نے کھیل کے چھٹے منٹ میں پینلٹی کارنر کے ذریعہ گول سکور کرکے پاکستان کی برتری کا خاتمہ کیا۔ جاپان کی جانب سے کھیل کے 17ویں منٹ میں فیلڈ گول کے ذریعے دوسرا اور 28ویں منٹ میں پینلٹی کارنر کے ذریعے تیسرا گول اسکور کیا گیا جبکہ پاکستان کی جانب سے دوسرا گول ارباز احمد نے پینلٹی کارنر کے ذریعے ا سکور کیا۔

(جاری ہے)

پاکستان کو تین پینلٹی کارنرز ملے جس میں سے ایک گول سکور کیا گیا جبکہ جاپان کو تین پینلٹی کارنر ملے جس میں سے دو پینلٹی کارنر پر گول سکور کرنے میں کامیاب رہا۔ایشین گیمز ہاکی مقابلوں میں بارہ ٹیمیں شرکت کررہی ہیں۔ ٹیموں کو دو پول میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پاکستان سمیت انڈیا، جاپان، بنگلہ دیش، سنگا پور اور ازبکستان کی ٹیمں پول اے میں شامل ہیں جبکہ کوریا ، ملائشیا، چائینہ، عمان، تھائی لینڈ اور انڈونیشیا کی ٹیمیں پول بی میں شامل ہیں۔