پنجاب کے نہری اور بارانی علاقوں سے نمائشی پلاٹ کی کاشت کیلئے کاشتکاروں سے20اکتوبر تک درخواستیں طلب،ترجمان

پیر 2 اکتوبر 2023 19:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اکتوبر2023ء) ترجمان محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق صوبہ میں فوڈ سکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے12 ارب روپے سے زائد گندم کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کے قومی منصوبہ پر عملدرآمد جاری ہے۔ امسال اس منصوبہ کے تحت پنجاب کے نہری اور بارانی علاقوں میں نمائشی پلاٹ کی کاشت کیلئے محکمہ زراعت نے کاشتکارو ں سے20اکتوبر تک درخواستیں طلب کی ہیں۔

ترجمان محکمہ زراعت کے مطابق نہری علاقوں کے ایسے مرد و خواتین کاشتکار جو5سے12.5ایکڑ تک اور بارانی علاقوں میں 5سے25ایکڑ تک قابل کاشت رقبہ کے مالک درخواست دینے کے اہل ہوں گے۔ حکومت پنجاب کی جانب سے ایک ایکڑ نمائشی پلاٹ کے اخراجات20ہزار روپے فراہم کئے جائیں گے جبکہ قرعہ اندازی میں کامیاب کاشتکار محکمہ زراعت کی سفارشات کے مطابق پلاٹ کاشت کرنے کے پابند ہوں گے۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق نمائشی پلاٹ کے لئے شرائط درخواست فارم پر در ج ہیں۔ خواہشمند کاشتکار درخواست فارم متعلقہ زراعت آفیسر(توسیع) اوراسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت (توسیع) کے دفاتر سے مفت حاصل کر سکتے ہیں جبکہ یہ فارم محکمہ زراعت کی ویب سائٹwww.agripunjab.gov.pkسے بھی ڈائون لوڈ کئے جا سکتے ہیں۔ترجمان نے مزید بتایا کہ مکمل درخواستیں متعلقہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت(توسیع) کے دفتر میں 20اکتوبرتک وصول کی جائیں گی اور قرعہ اندازی ڈائریکٹر زراعت (توسیع) کے دفترمیں 27اکتوبرکو ہوگی۔ ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے مزید کہا کہ اس منصوبہ کی تکمیل سے صوبہ میں گندم کی اوسط پیداوار میں 10 من فی ایکڑ تک کا اضافہ متوقع ہے۔

متعلقہ عنوان :