ایشین گیمز میں کبڈی کے مردوں کے ایونٹ میں منگل کو چار میچز کھیلے جائیں گے

پیر 2 اکتوبر 2023 21:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اکتوبر2023ء) چین کے شہر ہینگزو میں جاری ایشین گیمز میں کبڈی کے مردوں کے ایونٹ میں (کل) منگل کو مزید چار میچز کھیلے جائیں گے۔ ایونٹ میں 9 ممالک کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن کو دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ اے میں بھارت، جاپان، بنگلہ دیش، تھائی لینڈ، تائیوان کو رکھا گیا ہے۔گروپ بی میں ایران، پاکستان، جنوبی کوریا اور ملائیشیا کی ٹیمیں شامل ہیں۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق 3 اکتوبر کو بھارت کا مقابلہ بنگلہ دیش سے، تائیوان کا مقابلہ جاپان سے، ملائیشیا کا مقابلہ ایران سے اور پاکستان کا مقابلہ جنوبی کوریا سے ہوگا۔ 4 اکتوبر کو بھارت کا مقابلہ تھائی لینڈ سے،تائیوان کا مقابلہ بنگلہ دیش سے،ایران کا مقابلہ جنوبی کوریا سے اور ملائیشیا کا مقابلہ پاکستان سے ہوگا۔ 5 اکتوبر کو تھائی لینڈ کا مقابلہ جاپان سے، بھارت کا مقابلہ تائیوان سے،بنگلہ دیش کا مقابلہ تھائی لینڈ سے اور جاپان کا مقابلہ بھارت سے ہوگا۔ ایونٹ کے سیمی فائنل اور فائنل 6 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔