اماراتی صحرا میں ’بلیاں‘ چھوڑنے پر انکوائری شروع ہوگئی

غیرانسانی فعل کے مرتکب افراد کو شناخت کرکے قانونی کارروائی کی جائے گی۔ یو اے ای حکام

Sajid Ali ساجد علی بدھ 4 اکتوبر 2023 14:34

اماراتی صحرا میں ’بلیاں‘ چھوڑنے پر انکوائری شروع ہوگئی
ابوظہبی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 04 اکتوبر 2023ء ) متحدہ عرب امارات کی اتھارٹی نے صحرا میں چھوڑی گئی بلیوں کی وائرل ویڈیوز کی تحقیقات شروع کردیں۔ یو اے ای کی سرکاری نیوز ایجنسی وام کے مطابق ابوظہبی میں حکام نے بلیوں کو صحرا میں چھوڑے جانے کی اطلاعات پر تحقیقات شروع کر دی ہیں، محکمہ بلدیات اور ٹرانسپورٹ (ڈی ایم ٹی) نے کہا ہے کہ رپورٹ موصول ہونے پر فوری طور پر تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں، اس حوالے سے تمام متعلقہ انتظامی اور قانونی اقدامات کیے جائیں گے۔

اتھارٹی نے کہا ہے کہ وہ اس بات کی تحقیقات کرے گی کہ بلیوں کو کیوں اور کیسے چھوڑا گیا، اس غیر انسانی فعل کے مرتکب افراد کی شناخت کے لیے متعلقہ حکام کے ساتھ مل کر تحقیقات جاری ہیں کیوں کہ یہ عمل مہذب اخلاقیات اور اقدار سے متصادم ہے، اس میں ملوث ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

(جاری ہے)

اتھارٹی نے کہا کہ وہ عام شہریوں اور سماجی کارکنوں کے جذبات کی قدر کرتی ہے اور اس واقعے سے متعلق کسی بھی قسم کی معلومات فراہم کرنے میں رضاکاروں کے تعاون کو تسلیم کرتی ہے، اس واقعے سے متعلق کوئی بھی تفصیلات شیئر کرنے کے لیے رہائشی 800-555 پر رابطہ کریں اور کسی بھی ایسی بدسلوکی یا غفلت کی اطلاع دین جس سے جانوروں کو خطرہ لاحق ہو۔

@redpawcsr

rescuecats animalcruelty animalwelfare animalrescue alfalahfelines alfalah fyp adoptdontshop adoptacatdubai

♬ original sound - Red Paw CSR
بتایا جارہا ہے کہ جانوروں کو بچانے والوں نے اس وقت غم و غصے کا اظہار کیا جب انہوں نے ابوظہبی کے صحرا میں پھینکی گئی 100 سے زیادہ بلیوں اور بلیوں کے بچے پائے جانے کا انکشاف کیا، یہ جانور متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت کے الفلاح علاقے میں امارت کے فالکن ہسپتال کے قریب ملے، ان میں سے کئی بلیوں کو مردہ یا ریت میں دبی پائی گئیں اور جو ابھی تک زندہ تھیں وہ بظاہر کمزور اور پانی کی کمی کا شکار تھیں، جن کو دیکھتے ہی امدادی کارکنوں نے رات بھر انہیں ریسکیو کرنے کا عمل جاری رکھا۔

معلوم ہوا ہے کہ کئی تارکین وطن نے بلیوں کو بچانے میں مدد کے لیے اس مقام کا دورہ کیا، کچھ بچانے والے بشمول دبئی کے لوگ بھی مدد کے لیے گئے لیکن وہ تمام بلیوں کو نہیں بچا سکے کیوں کہ بہت سی پہلے ہی مر چکی تھیں، دوسری بلیاں بہت کمزور تھیں کیوں کہ وہ پانی کی شدید کمی کا شکار تھیں جنہیں صحرا میں مرنے کے لیے چھوڑ دیا گیا تھا، ان میں سے کچھ بلیاں ایسی بھی تھیں جو اپنے بند پنجرے کے اندر ہی مر چکی تھیں۔