لاہور ہائیکورٹ ، ایم کیو ایم کے رہنما عمران فاروق قتل کیس میں سزا یافتہ قیدی معظم کو جیل میں آنکھوں کا علاج معالجہ فراہم کرنے کی درخواست پر سماعت

پیر 9 اکتوبر 2023 23:11

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 اکتوبر2023ء) لاہور ہائیکورٹ نے ایم کیو ایم کے رہنما عمران فاروق کے قتل کیس میں سزا یافتہ قیدی معظم کو جیل میں آنکھوں کا علاج معالجہ فراہم کرنے کی درخواست پر سماعت پر جیل سپرنٹنڈنٹ ساہیوال سے 19 اکتوبر تک نئی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی۔ جسٹس سید شہباز علی رضوی نے قیدی کی اہلیہ سعدیہ معظم کی درخواست پر سماعت کی۔

درخواست گزار کی طرف سے میاں دائود ایڈووکیٹ پیش ہوئے اور نشاندہی کی کہ ہم نے عدالت میں قیدی کی آنکھوں میں موتیا کی بیماری کے علاج کی درخواست کی تھی تاہم جیل سپرنٹنڈنٹ نے بلڈپریشر اور شوگر وغیرہ کی بابت رپورٹ جمع کرائی ہے، جیل انتظامیہ کی رپورٹ قیدی کی آنکھوں کی بیماری کے حوالے سے خاموش ہے جس پر عدالت نے سپرنٹنڈنٹ جیل ساہیوال کی رپورٹ غیرتسلی بخش قرار دیتے ہوئے حکم جاری کیا کہ 19 اکتوبر تک قیدی کی آنکھوں کے علاج کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ جمع کرائی جائے۔

(جاری ہے)

درخواست گزار نے عدالت میں مئوقف اختیار کیا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ میں قیدی معظم علی کی اڈیالہ جیل سے ساہیوال جیل منتقلی کیخلاف مرکزی درخواست لاہور ہائیکورٹ میں زیر التواء ہے تاہم درخواستگزار کو پتہ چلا ہے کہ قیدی معظم علی کو موتیا کی بیماری لاحق ہو گئی ہے، بیماری کی وجہ سے قیدی کی ایک آنکھ ضائع ہو گئی، دوسری بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے، قیدی کو جیل میں علاج معالجہ کی بہترین سہولیات فراہم کرنا جیل انتظامیہ اور ریاست کی ذمہ داری ہے، درخواست گزار کے مطابق علاج کی مناسب سہولیات نہ دینے کی وجہ قیدی کی آنکھ ضائع ہوئی لہٰذا لاہور ہائیکورٹ جیل انتظامیہ کو قیدی کے بہترین علاج کا حکم جاری کرے۔