ویمن آن وہیلزپراجیکٹ کے تحت نقد وآسان اقساط پر ویمن یونیورسٹی کی طالبات کیلئے موٹر سائیکلز کی فراہمی کی سکیم متعارف

منگل 10 اکتوبر 2023 13:52

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2023ء) ویمن آن وہیلزپراجیکٹ کے تحت نقد وآسان اقساط پر ویمن یونیورسٹی کی طالبات کیلئے موٹر سائیکلز کی فراہمی کی سکیم متعارف کروادی گئی ہے۔گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی میں انٹرلوپ لمیٹڈ کے اشتراک سے خواتین کو با اختیار بنانے کیلئے ویمن آن وہیل سکیم میں رجسٹرڈ خواتین کیلئے آسان ایک ساتھ پر موٹر سائیکل کی فراہمی کی سکیم کو متعارف کروایاگیاہے۔

وائس چانسلر گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ظل ہما نازلی نے انٹر لوپ لمیٹڈ کا ویمن یونیورسٹی کی طالبات کیلئے سکالرشپ،ویمن آن وہیل اور40 فیصد سبسڈی پر موٹر سائیکل کی فراہمی جیسے انتہائی قابل تحسین اقدامات پر شکریہ ادا کیا۔پبلک ٹرانسپورٹ اور دیگر مسائل کو مد نظر رکھتے ہوئے طالبات کیلئے موٹر سائیکل چلانے کی تربیت اور اپنی سواری کا ہونا وقت کی اہم ضرورت ہے جبکہ ذاتی سواری سے نہ صرف طالبات کیلئے اپنے تعلیمی اداروں تک رسائی آسان ہو گی بلکہ اندرون شہر اپنے گھر کے کام انجام دینا بھی ممکن ہو پائے گا۔

(جاری ہے)

ذاتی سواری ان خواتین کو بااختیار بنانے کے ساتھ ساتھ عوامی مقامات پر پیش آنیوالے مسائل سے بھی بچا سکے گی۔چیئرمین انٹر لوپ مصدق ذوالقرنین نے ابتدائی طور پرموٹر سائیکلزکی تربیت سے فارغ التحصیل اور موٹرسائیکل لائسنس کی حامل طالبات کیلئے 40فیصد سبسڈی کے ساتھ نقد اور آسان اقساط پر 100 سی سی موٹر سائیکل کی فراہمی کا اعلان کیاہے۔مذکورہ موٹر سائیکل کی فراہمی پہلے آئیں پہلے پائیں کی بنیاد پر کی جائے گی۔

مزید برآں انہوں نے انٹر لوپ سکالر شپ کی سیٹوں کی تعداد بھی بڑھانے کی یقین دہانی کروائی۔ جی ایم کارپوریٹ کمیونی کیشن ہمایوں جاوید خان، جی ایم کارپوریٹ سوشل رسپانسیبلٹی اعجاز احمد ناصر، ڈی ایم کارپوریٹ کمیونی کیشن نعمان ہاشمی، آفیسر کارپوریٹ سوشل سوشل رسپانسیبلٹی مصباح شیخ،ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افیئرز،انچارج ویمن ڈویلپمنٹ سنٹر اسما عزیز بھی اس موقع پر موجود تھیں۔رجسٹرار جی سی ڈبلیو یو ایف آصف اے ملک نے انٹر لوپ کی کاوشوں کو سراہا اور معزز مہمانوں کی آمد پران کا شکریہ ادا کیا۔