کاشتکاروں کو فصلوں کے بہتر نرخ فراہم کرنے کے لیے اہم اقدامات کیے جا رہے ہیں، گورنر پنجاب

جمعرات 12 اکتوبر 2023 20:00

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اکتوبر2023ء) گورنر پنجاب انجینئر بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ کاشتکاروں کو فصلوں کے بہتر نرخ فراہم کرنے اور فصلوں کی پیداوار بڑھانے کے لئے اہم اقدامات کئے جارہے ہیں۔یہ بات انہوں نے جمعرات کو یہاں پاکستان کاٹن جینرز ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور معیشت کا انحصار زراعت پر ہے،زراعت کی ترقی کے لئے اہم اقدامات جاری ہیں، کپاس کی بہتر پیداوار کے لیے حکومت پنجاب کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔انہوں نے کہا کہ ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ٹی ،سی پی )جلد کپاس کی خریداری شروع کر ے گی، حکومت کپاس کی ایک ایک گانٹھ اٹھائے گی، کپاس اور دیگر فصلوں کے لئے جدید ٹیکنالوجی کو اختیار کرنا ہو گا، کپاس کی اگیتی اقسام کی طرف جانا ہو گا، فصل اچھی ہو گی تو اس میں ہر ایک کی بہتری ہے، کپاس کی پیداوار اچھی ہوگی تو ہماری جینگ فیکٹریاں بھی چلیں گی۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ کاشتکار کو فصلوں کے بہتر نرخوں کی فراہمی کے لیے اقدامات کر رہے ہیں، حکومت نے کپاس اور دیگر فصلوں کے بیجوں کی نئی اقسام کی منظوری دی ہے، فصلوں کی پیداوار بڑھانے کے لئے اہم اقدامات کئے جارہے ہیں۔چئیرمین پاکستان کاٹن جینرز ایسوسی وحید ارشد نے کاشتکاروں کے مسائل سے متعلق گورنر پنجاب کو آگاہ کیا۔جس پر گورنر پنجاب نے کاشتکاروں کے مسائل حل کرنے کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی ۔بعد ازاں گورنر پنجاب بلیغ الرحمن، سابق گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ کے گھر گئےجہاں انہوں نے رفیق رجوانہ سے انکی ہمشیرہ کی وفات پر اظہار تعزیت اور دعا مغفرت کی۔