پولیس کی کارروائیاں ، چھالیہ اور تمباکو کے تاجروں کا سندھ ہائی کورٹ سے رجوع

پیر 16 اکتوبر 2023 21:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2023ء) پولیس کارروائی کیخلاف چھالیہ اور تمباکو کے تاجروں نے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کرلیاجس پر عدالت نے سندھ حکومت اور پولیس سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔تفصیلات کے مطابق گٹکے اور ماوے کی آڑ میں چھالیہ اور تمباکو کے کاروبار کیخلاف کارروائی کے معاملے پر چھالیہ اور تمباکو کے تاجروں نے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔

حسیب جمالی ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ قانون گٹکا اور ماوا فروخت کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کیلئے بنایا تھا، پولیس نے چھالیہ اور تمباکو فروخت کرنیوالوں کیخلاف مقدمات درج کرنا شروع کردیے۔وکیل درخواست گزارنے کہاکہ سندھ پولیس نے قانون کا مذاق بنایا ہوا ہے،ہول سیلرزاور ریٹیلرز چھالیہ اورتمباکوکا مکسچربھی نہیں کرتے، جس پر چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے کہا کہ ان سب چیزوں کو ملا کر ماوا اور گٹکا تو بنتا ہے۔

(جاری ہے)

وکیل نے بتایا کہ سندھ میں گٹکا اور ماوا فروخت کرنے پرپابندی ہے، چھالیہ اورتمباکو فروخت کرنیپر نہیں، جو پولیس کو پیسے دیدیانہیں کوئی مسئلہ نہیں۔ایڈووکیٹ جنرل اور پولیس نے جواب جمع کرانے کے لیے مہلت مانگ لی، جس پر عدالت نے سندھ حکومت اور پولیس سے رپورٹ طلب کرلی اور کہا بتایا جائے چھالیہ اور تمباکو کی فروخت پر نئے قانون کا اطلاق ہوتا ہے یا نہیں