کرک ، نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جاں بحق شخص کی مٹی تلے دبی لاش شہر کے نواحی علاقہ میں ملی

ہفتہ 21 اکتوبر 2023 21:00

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2023ء) کرک میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جاں بحق شخص کی مٹی تلے دبی لاش شہر کے نواحی علاقہ میں ملی ہے جسے ریسکیو1122 کے اہلکاروں نے برآمد کرکے پوسٹ مارٹم کے لئے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرہسپتال کرک پہنچادی۔باخبرمقامی اور پولیس ذرائع کے مطابق چند روز قبل مقتول جہانزیب ولد مشال خان سکنہ ٹیری تحصیل بانڈہ داؤدشاہ گھر سے غائب ہوگیا تھا جس کی لاش جمعہ کے روز کرک شہر کے نواحی علاقہ چمبئی میں ملی۔

(جاری ہے)

ریسکیو1122کرک کے مطابق اطلاع ملنے پر ریسکیو اہلکاروں نے مٹی تلے دبی لاش نکال کر پوسٹ مارٹم کے لئے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرہسپتال کرک پہنچادی۔ ریسکیو1122 کے مطابق لاش کی شناخت جہانزیب ولد مشال خان سکنہ ٹیری تحصیل بانڈہ داؤدشاہ کے نام سے ہوئی ہے جسے مبینہ طورپر نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے لاش مٹی تلے دبا کر ٹھکانے لگا دی۔ پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ پرانی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے۔پولیس نے بعدازاں لاش لواحقین کے حوالے کردی۔