دونمبر مینڈیلا پہلے اپنے بھائی سے مہنگائی کا حساب لیں، شہباز دور کی مہنگائی و بیروزگاری سے لوگ خودکشیوں پر مجبور ہیں: چودھری پرویزالٰہی

Yچیئرمین پی ٹی آئی کی سیاسی شہرت میں اضافہ ہوا ہے، شریف برادران کی دکان بند ہو چکی اب انہیں کوئی نہیں سنے گا، شریف برادران جو کچھ کر رہے ہیں ان کو الیکشن میں پتہ چل جائے گا ٌسویلین ٹرائل کیس کے فیصلے پر عدلیہ کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، سپریم کورٹ کا انتخابات کیس سے متعلق بینچ بننا ملک کیلئے بہتر ہے، سپریم کورٹ کی وجہ سے انتخابات کی تاریخ آ جائے گی: عدالت پیشی پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو

منگل 24 اکتوبر 2023 20:45

'لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 اکتوبر2023ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر چودھری پرویزالٰہی نے انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد میں پیشی پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں کہا ہے کہ شہباز دور کی مہنگائی اور بیروزگاری کی وجہ سے لوگ خودکشیوں پر مجبور ہو گئے ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی کی سیاسی شہرت میں اضافہ ہوا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ جو دونمبر مینڈیلا پاکستان آئے ہیں پہلے اپنے بھائی سے مہنگائی کا حساب لیں، ان کے آنے پر لوگوں نے خود کشیاں کی ہیں، شریف برادران کی اب کوئی نہیں سنے گا ان کی دکان بند ہو چکی ہے، کوئی انتخابات میں دھاندلی کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتا، انتخابات میں دھاندلی کرنا شریفوں کی بھول ہے۔

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ میں نے اپنے دور میں اساتذہ کو سہولتیں دیں، شہباز شریف نے اپنے دور میں لوگوں سے نوکریاں چھینیں، اساتذہ پر بدترین تشدد کیا گیا، ان کو جیلوں میں بند کیا گیا، شریف برادران جو یہ سب کچھ کر رہے ہیں ان کو الیکشن میں پتہ چل جائے گا۔ چودھری پرویزالٰہی نے مزید کہا کہ سویلین ٹرائل کیس کے فیصلے پر عدلیہ کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، سپریم کورٹ کا انتخابات کیس سے متعلق بینچ بننا ملک کیلئے بہتر ہے، سپریم کورٹ کی وجہ سے انتخابات کی تاریخ آ جائے گی