Live Updates

شاہ محمود قریشی کی جیل میں طبعیت ناساز ہو گئی

جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے جیل انتظامیہ کی درخواست پر شاہ محمود قریشی کو اسپتال منتقل کرنے کا حکم دے دیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 2 نومبر 2023 11:11

شاہ محمود قریشی کی جیل میں طبعیت ناساز ہو گئی
اسلام آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 02 نومبر 2023ء ) سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی جیل میں طبعیت ناساز ہو گئی، پمز اسپتال منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جیل انتظامیہ کی درخواست پر اڈیالہ جیل راولپنڈی سے پمز اسپتال منتقل کیا جائے گا۔جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے جیل انتظامیہ کی درخواست پر شاہ محمود قریشی کو اسپتال منتقل کرنے کا حکم دے دیا۔

دو روز قبل اڈیالہ جیل میں پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی سے فیملی ممبران نے ملاقات کی۔ جیل ذرائع کے مطابق شاہ محمود قریشی سے فیملی ممبران کی ملاقات کانفرنس روم میں کرائی گئی، ملاقات کرنے والوں میں ظہورقریشی، معین قریشی اور زین قریشی شامل تھے۔جیل ذرائع نے بتایا کہ شاہ محمود قریشی کے وکیل بیرسٹر تیمور ملک نے بھی اڈیالہ جیل میں ملاقات کی۔

(جاری ہے)

وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کی ٹرائل سے متعلق دستاویزات فراہمی کی درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے سماعت آئندہ ہفتے تک کیلئے ملتوی کردی۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق نے سماعت کی، چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ آپ کی ضمانت کی درخواست پر ہم نے نوٹس کردئیے تھے،آپ کی اس درخواست پر آفس کے اعتراضات ہیں ،ایف آئی آر اور چالان کی مصدقہ کاپیاں لف نہیں کی گئیں ، چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست پر فیصلے میں لکھا ہے کہ ملزم کا کوئی حق ختم نہ کیا جائے،میں نے سب کیلئے یہی کہا ہے کہ کسی قاعدے قانون کے تحت ہی ٹرائل جانا ہے،آپ کی درخواست پر اعتراضات دور کررہے ہیں ، ایڈووکیٹ علی بخاری نے استدعا کہ اس درخواست کو ضمانت کی درخواست کیساتھ سماعت کیلئے رکھ لیں۔

خیال رہے کہ شاہ محمود قریشی پاکستان تحریک انصاف کے ان رہنماؤں میں سے ہیں جنہوں نے 9 مئی کے بعد بھی عمران خان کا ساتھ نہیں چھوڑا تھا۔عمران خان اور شاہ محمود اس وقت اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات