ورلڈ کپ، نیوزی لینڈ کا پاکستان کو سیمی فائنل تک رسائی کی امیدیں برقرار رکھنے کے لیے 402 کا ہدف

روچن روندرا کی سنچری ، کین ولیمسن کے 95 رنز

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 4 نومبر 2023 14:10

ورلڈ کپ، نیوزی لینڈ کا پاکستان کو سیمی فائنل تک رسائی کی امیدیں برقرار ..
بنگلورو (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 4 نومبر 2023ء ) ورلڈکپ کے 35ویں میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو کامیابی کے لیے 402 رنز کا ہدف دیا ہے۔ بنگلورو کے ایم چنا سوامی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں نیوزی لینڈ کے اوپنرز ڈیون کانوے اور راچن رویندرا نے ٹیم کو 69 رنز کا آغاز فراہم کیا، تاہم کانوے 35 رنز بناکر وکٹ گنوابیٹھے۔ دوسری وکٹ کی شراکت میں کین ولیمسن اور راچن رویندرا نے 180 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی تاہم کپتان ولیمسن نے 10 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 95 رنز بنا کر افتخار احمد کے ہاتھوں پویلین لوٹے، سنچری اسکور کرنے والے اوپنر راچن رویندرا 108 رنز بناکر وسیم جونیئر کا شکار بنے، حارث رؤف نے ڈیرل مچل کو بولڈ کیا۔

مارک چیپمین 39 رنز بناکر وسیم کا دوسرا شکار بنے۔

(جاری ہے)

گلین فلپس 41 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ مچل سینٹنر 26 اور ٹام لیتم 2 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان کی جانب سے محمد وسیم جونیئر نے 3، حسن علی، افتخار احمد اور حارث رؤف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ ۔ قبل ازیں قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا میچ میں بارش کا امکان ہے، کوشش کریں ابتدا میں بالرز فائدہ اٹھا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ پلئینگ الیون میں ایک تبدیلی کی گئی ہے اسامہ میر کی جگہ حسن علی کو شامل کیا گیا ہے۔ اس موقع پر نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے کہا کہ اچھا ہدف دینے کی کوشش کریں گے، ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی ہیں۔ پاکستان کا اسکواڈ کپتان بابراعظم، عبداللہ شفیق، فخر زمان، محمد رضوان، سعود شکیل، افتخار احمد، آغا سلمان، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی، محمد وسیم جونئیر، حارث رؤف پر مشتمل ہے جب کہ نیوزی لینڈ کا سکواڈ کپتان کین ولیمسن، ڈیون کونوے، راچن رویندرا، ڈیرل مچل، ٹام لیتھم، گلین فلپس، مارک چیپمین، مچل سینٹنر، ایش سودھی، ٹم ساؤتھی، ٹرینٹ بولٹ پر مشتمل ہے۔