پی اینڈ ڈی بورڈ اورمختلف یونیورسٹیوں کے مابین مفاہمتی یاداشت پردستخط کی تقریب

پیر 20 نومبر 2023 22:23

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 نومبر2023ء) چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان اور چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ افتخار علی سہو کی زیر صدارت پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ اور مختلف یونیورسٹیوں کے مابین مفاہمتی یاداشت پر دستخط کی تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔ عبداللہ خان سنبل ایڈیٹوریم پی اینڈ ڈی کمپلیکس میں منعقد ہ تقریب میں مفاہمتی یاداشت پر وائس چانسلر لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز ڈاکٹر طارق محمود جدون،ریکٹر لاہور سکول آف اکنامکس ڈاکٹر شاہد امجد چوہدری ،وائس چانسلر گورنمنٹ کالج یونیورسٹی ڈاکٹر احمد عدنان اور وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی لاہور ڈاکٹر خالد محمود نے دستخط کئے۔

اس مفاہمتی یاداشت کا مقصد پی اینڈ ڈی بورڈ اور یونیورسٹیوں کے مابین پبلک پالیسی سازی ، پائیدار اور جامع اقتصادی ترقی و پالیسی اور انتظامی شعبوں میں پائیدار تعاون اور تحقیقی روابط کی راہ ہموار کرنا ہے۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ افتخار علی سہو نے اس بات پر زور دیا کہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ صوبے کی معاشی سمت کا تعین کرنے، معاشی ترقی کے لیے منصوبے اور پالیسیاں تیار کرنے اور صوبائی سطح پر ترقی کے لیے اقدامات بارے رابطہ کاری کی نگرانی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے اور یونیورسٹیوں کے ساتھ باہمی تعاون کا فریم ورک شواہد پر مبنی پالیسی سازی کو فعال کرنے میں معاون ثابت ہو گا۔

۔اس موقع پر چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریسرچ کے فروغ کے لیے حکومت یونیورسٹیوں کو مکمل تعاون فراہم کرے گی اور پی اینڈ ڈی بورڈ اور یونیورسٹیوں کے مابین باہمی تعاون کا یہ معاہدہ اس مقصد کے حصول کے لیے مددگار ثابت ہو گا ۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ تعاون کا فریم ورک صوبہ پنجاب میں مضبوط، شواہد پر مبنی پالیسی تشکیل دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

مزید برآں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر لمز نے کہا کہ وہ پالیسی مینجمنٹ میں تحقیق کو فروغ دینے کے لیے پی اینڈ ڈی بورڈ کے اس اقدام کو سراہتے ہیں۔ ریکٹر لاہور سکول آف اکنامکس نے کہا کہ حکومت پنجاب کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط بنائیں گے اور وہ تحقیق کی تخلیق کو آسان بنانے کے لیے بہت زیادہ پر امید ہیں۔ وائس چانسلر گورنمنٹ کالج یونیورسٹی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں امید ہے کہ یہ مفاہمتی یادداشت مستقبل میں اثر انگیز اور موثر ثابت ہو گی۔

وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی میں معاشیات، زراعت اور انجینئرنگ سمیت دیگر شعبوں میں تحقیق جاری ہے۔ اور وہ امید کرتے ہیں کہ یہ باہمی تعاون کا آج کا یہ معاہدہ مستقبل کی پالیسی سازی میں مدد گار ثابت ہو گا۔ جوائنٹ چیف اکانومسٹ ڈاکٹر آمان اللہ نے تقریب میں میزبانی کے فرائض سرانجام دے ۔ سیکرٹری پی اینڈ ڈی بورڈ مظفر خان سیال، صوبائی سیکرٹریز، ممبران پی اینڈ ڈی بورڈ اور دیگر افسران نے بھی تقریب میں شرکت کی۔