پنجاب یونیورسٹی کیمب کے زیر اہتمام تعزیتی ریفرنس

پیر 20 نومبر 2023 22:23

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 نومبر2023ء) پنجاب یونیورسٹی سنٹر آف ایکسی لینس ان مالیکیولر بائیولوجی کے زیر اہتمام کیمب کے معاون پروفیسر اور فرانزک سائنسدان پروفیسر ڈاکٹر اشرف طاہر(مرحوم) کی خدمات اور کامیابیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیاگیا۔ اس موقع پروائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود، ڈائریکٹر کیمب پروفیسر ڈاکٹر معاذ الرحمان ، بانی ڈائریکٹر کیمب پروفیسر ڈاکٹر شیخ ریاض الدین، ڈی جی پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی ڈاکٹر محمد امجد، فیکلٹی ممبران، نامور محققین اور سائنسدانوں نے شرکت کی۔

اپنے خطاب میں وائس چانسلر ڈاکٹر خالد محمود نے فرانزک سائنسز کے شعبے میں پروفیسر اشرف طاہر کی نمایاں خدمات اور کارناموں سے فیکلٹی، محققین اور طلباء کو آگاہ کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے فرانزک سائنسز میں مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے ویژن اور سائنسی سرگرمیوں میں بہترین کارکردگی کے عزم کو آگے بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔ڈاکٹر معاذالرحمان مرحوم کے کارناموں کو تسلیم کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی کہ کیمب کی طرف سے بطور فیملی ہم مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

ڈاکٹر احمد علی شاہد نے ڈاکٹر اشرف طاہر کی عاجزی اور مہربان طبیعت پر روشنی ڈالی۔ پروفیسر ڈاکٹر شیخ ریاض الدین نے یونیورسٹی اور فرانزک سائنسز کے شعبے میں پروفیسر اشرف طاہر کی نمایاں کامیابیوں اور اثرات پر سیر حاصل بات چیت کی۔ ڈاکٹر محمد امجد نے بھی پروفیسر اشرف طاہر کی زندگی اور سائنسی کارناموں کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔