سیکرٹری تعلیم رزا ق احمد ندیم کا ڈویژنل دفاترمیرپور کا اچانک دورہ

تدریسی اوقات کار میں ڈویژنل وڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفس میں موجود اساتذہ کی سرزنش ،جواب طلبی کے احکامات جاری

پیر 20 نومبر 2023 22:25

میرپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 نومبر2023ء) سیکرٹری تعلیم رزا ق احمد ندیم کا ڈویژنل دفاترمیرپور کا اچانک دورہ،تدریسی اوقات کار میں ڈویژنل اورڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفس میں موجود اساتذہ کی سرزنش اورفوری جواب طلبی کے احکامات جاری کیے ۔ انہوں نے دونوں دفاتر میں ملازمین کی حاضری چیک کی اور مختلف شعبوں کا معائنہ کیا ۔ اس موقع پر سیکرٹری تعلیم نے ہدایت کی کہ وہ دفاتر میںسائلین کے کیسز قواعدو قانون کے مطابق فوری طور پر یکسو کر یںتا کہ سائلین کو بار بار ان کے دفاتر کے چکر نہ لگانا پڑیں۔

انہوں نے ہدایت کی کہ بلا وجہ اور بدوں رخصت دفاتر کے چکر لگانے والے ملازمین کو پابند کیا جائے کہ وہ اپنی ڈیوٹی کے دوران اپنی جائے تعیناتی پربہر صورت حاضر رہیں۔

(جاری ہے)

بدوں رخصت ، غیر حاضر مدرسین اور بدوں این او سی بیرون ملک جانے والے مدرسین اور ٹھیکہ سسٹم قائم کرنے والے مدرسین کا ریکارڈ اندر ایک ہفتہ سیکرٹریٹ کو ارسال کیا جائے ۔ ماہانہ بنیادوں پر میٹنگ کا انعقاد کیا جائے ۔

انہوں نے جملہ اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسران کواساتذہ کی حاضری یقینی بنانے کے سلسلہ میں پابند کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔ بالا اتھارٹی کو کیسز بجھوانے سے قبل اس کا مکمل طور پر رولز کے مطابق جائزہ لیا جائے۔ تمام ملازمین بشمول معلمین ، معلمات کی بائیو میٹرک حاضری کو یقینی بنایا جائے۔