دوران پرواز مسافر کی طبیعت ناساز‘ کراچی ایئرپورٹ پر بھارتی طیارے کی ہنگامی لینڈنگ

جناح انٹرنیشنل ائر پورٹ کراچی کے ایئر ٹریفک کنٹرول نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ہنگامی لینڈنگ کی اجازت دی

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 23 نومبر 2023 11:55

دوران پرواز مسافر کی طبیعت ناساز‘ کراچی ایئرپورٹ پر بھارتی طیارے کی ..
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 23 نومبر 2023ء ) پاکستان کی فضائی حدود میں دوران پرواز مسافر کی طبیعت ناساز ہونے پر کراچی ایئرپورٹ پر بھارتی طیارے کو ہنگامی لینڈنگ کرنی پڑ گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کراچی ایئر ٹریفک کنٹرول نے مسافر کی طبیعت خراب ہونے پر بھارتی طیارے کو ہنگامی لینڈنگ کی اجازت دی کیوں کہ ایک خاتون مسافر کی طبیعت خراب ہونے پر بھارتی طیارے نے کراچی میں میڈیکل ایمرجنسی لینڈنگ کی درخواست کی تھی۔

بتایا گیا ہے کہ یہ پرواز جدہ سے بھارت حیدرآباد دکن جا رہی تھی جس کو جناح انٹرنیشنل ائر پورٹ کراچی کے ایئر ٹریفک کنٹرول نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ہنگامی لینڈنگ کی اجازت دی، تاہم طبی عملے کی جانب سے معائنے کے بعد بھارتی خاتون مسافر دم توڑ گئی اور بعد ازاں انڈین ائر لائنز کی پرواز خاتون مسافر کی لاش لے کر منزل کے لیے روانہ ہوگئی۔

(جاری ہے)

چند روز قبل بھی بھارتی مسافر طیارے نے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی تھی، ایئر انڈیا ایکسپریس کی پرواز آئی ایکس 192 دبئی سے امرتسر کے روٹ پر تھی کہ پاکستان کی فضائی حدود بلوچستان میں کوہ پتندر کے قریب طیارے میں سوار ایک مسافر کی طبیعت خراب ہوگئی، پائلٹ کے رابطہ کرنے پر ایئر ٹریفک کنٹرولر نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر طیارے کو کراچی ایئرپورٹ پر لینڈنگ کی اجازت دی، بوئنگ 737 طیارے نے دوپہر 12 بجکر 19 منٹ پر کراچی کے جناب انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈ کیا۔

بتایا گیا کہ سول ایوی ایشن کی میڈیکل ٹیم نے طیارے میں مسافر کا معائنہ کیا، بھارت کے شہری مسافر کی طبیعت ٹھیک نہیں تھی، جس پر میڈیکل ٹیم نے مسافر کو طبی امداد دی، ایئرپورٹ کی بارڈر سکیورٹی فورس کی جانب سے مسافر کو ٹریولنگ کے لیے فٹ قرار دینے پر طیارہ دو بجکر 25 منٹ پر کراچی ایئرپورٹ سے امرتسر کے لیے ٹیک آف کر گیا۔ اس سے قبل مارچ میں دوران پرواز مسافر کی موت واقع پر ہونے پر انڈین طیارے نے کراچی میں لینڈنگ کی تھی، انڈین طیارہ بلوچستان کے علاقے پنجگور سے 16 ناٹیکل میل مشرق میں محو پرواز تھا، جب پائلٹ نے اسے کراچی کی طرف موڑنے کی درخواست کی، پائلٹ نے ہوائی اڈے پر ڈاکٹر اور ایمبولینس کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ ایک 60 سالہ نائجیرین شہری کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا ہے اور ان کی نبض رک گئی ہے، کراچی ہوائی اڈے پر ڈاکٹروں کی جانب سے مسافر کی موت کی تصدیق کے بعد طیارہ نائجیرین شہری کا جسد خاکی لے کر دوحہ روانہ ہو گیا۔