بلوچستان کے نوجوانوں میں ہر طرح کی قابلیت موجود ہے، چیئرمین سینیٹ کا بلوچ وفد کے اعزاز میں ظہرانے سے خطاب

جمعرات 23 نومبر 2023 16:55

بلوچستان کے نوجوانوں میں ہر طرح کی قابلیت موجود ہے، چیئرمین سینیٹ کا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 نومبر2023ء) چیئرمین سینیٹ محمدصادق سنجرانی نے کہا ہے کہ ترقی میں نوجوانوں کا اہم کردار ہے،بلوچستان کے نوجوانوں میں ہر طرح کی قابلیت موجود ہے، نوجوان نسل کو کاروبار کی طرف توجہ دیتے ہوئے اس میں مہارت حاصل کرنی چاہیے۔ سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان کے نوجوانوں اور قبائلی عمائدین پر مشتمل 60 رکنی وفد کو پارلیمنٹ ہائوس میں دیئے گئے ظہرانے کے موقع پر کیا۔

اس موقع پر سینیٹرز پرنس احمد عمرزئی، حاجی ہدایت اللہ خان، نصیب اللہ بازئی، دلاور خان، عمر فاروق، بّہرامند خان تنگی بھی موجود تھے۔چیئرمین سینیٹ نے وفد کو پارلیمنٹ ہاؤس کے دورہ پر خوش آمدید کہا۔ انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے نوجوانوں کا قبائلی عمائدین؍سرداران کے ہمراہ آنا خوش آئند ہے۔

(جاری ہے)

بلوچستان کے نوجوانوں کو اس طرح کے دوروں سے سیکھنے کا موقع ملے گا۔

بلوچستان میں جرگے کے ذریعے تنازعات کو بروقت حل کرنے پر قبائلی سرداران کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ قبائلی معاشرے میں تنازعات کے بروقت حل کےلئے جرگہ سسٹم کا اہم کردار ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہاکہ بلوچستان کی نوجوان نسل کو کاروبار کی طرف توجہ دیتے ہوئے اس میں مہارت حاصل کرنی چاہیے۔ بلوچستان کے نوجوانوں میں ہر طرح کی قابلیت موجود ہے۔

صوبہ بلوچستان میں کاروبار اور تجارتی سرگرمیوں کی ترقی میں نوجوانوں کا اہم کردار ہے۔ وفد کو سینیٹ میوزیم کا دورہ کرایا گیا۔ میوزیم میں وفد کو ایوان بالا کی تاریخ پر مبنی دستاویزی فلم دکھائی گئی۔ وفد نے سینیٹ میوزیم میں ملک کے ممتاز سیاستدانوں کے مجسموں اور تاریخی تصاویر میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ وفد نے سینیٹ ہال کا بھی دورہ کیا جہاں پر وفد کوایوان بالا کے کام کے طریقہ کار، قانون سازی سے متعلق مفصل بریفنگ دی گئی۔