کرپشن ایک ناسور سماجی ظلم اور بڑی برائی ہے،ڈویژنل مانیٹرنگ آفیسر کالجز

جمعرات 23 نومبر 2023 21:30

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 نومبر2023ء) ڈویژنل مانیٹرنگ آفیسر کالجز پروفیسر طارق عزیز کاکڑ نے کہا ہے کہ کرپشن ایک ناسور ، سماجی ظلم اور بڑی برائی ہے ، اینٹی کرپشن ڈے منانے کا مقصد بدعنوانی کے خاتمے کے لئے لوگوں میں شعور و آگاہی پیدا کرنا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قومی احتساب بیورو کے تعاون سے گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج میں ڈویژنل سطح پر کالجز کے طلبہ و طالبات کے درمیان ’’بدعنوانی سے انکار ‘‘کے موضوع پر منعقدہ تقریری مقابلوں کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

تقریب سے پرنسپل گرلز ڈگری کالج پروفیسر روبینہ مختار ، پرنسپل بوائز ڈگری کالج پروفیسر سید امین شاہ اخوندزادہ ، پرنسپل بی آر سی پروفیسر حسن اقبال ، وائس پرنسپل پروفیسر گلدار علی وزیر ، ڈائریکٹر بیوٹمز کالج پروفیسر ڈاکٹر عبدالسلام لودھی اور دیگر نے خطاب کیا۔

(جاری ہے)

اردوتقاریر میں گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج ژوب کی طالبہ منائل اکبر جان نے پہلی بوائز ڈگری کالج قلعہ سیف اللہ کے طالب علم محمد ہاشم نے دوسری اور گرلز کالج قلعہ سیف اللہ کی طالبہ انمول نے تیسری پوزیشن جبکہ انگلش تقاریر میں گرلز کالج قلعہ سیف اللہ کی طالبہ کلثول نے پہلی گرلز کالج ژوب کے طالبہ شفا فاروق نے دوسری اور بوئز کالج قلعہ سیف اللہ کے طالبعلم سید رسول نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

مقررین نے پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کرپشن کامطلب صرف بدانتظامی اور بے ضابطگی نہیں بلکہ فساد ، بگاڑ ، بے ایمانی ، رشوت ستانی ، جھوٹ اور خیانت کے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اینٹی کرپشن ڈے منانے کا مقصد بدعنوانی کے خاتمے کے لئے لوگوں میں شعور و آگاہی پیدا کرنا ہے ، اس دن کی مناسبت سے سمینار ز اور تقریبات منعقد ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈویژن سطح پر تقریری ، مضمون نویسی ، پوسٹر سازی اور خطاطی کے مقابلوں میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ اور طالبات صوبائی سطح پر کوئٹہ میں منعقد ہونے والے مقابلوں میں حصہ لینگے۔

متعلقہ عنوان :