لاہور میں تیز ترین تعمیرات کا نیا ریکارڈ قائم

کیولری انڈر پاس منصوبہ 6ماہ کی بجائے صرف ڈھائی ماہ میں مکمل ہو گیا

muhammad ali محمد علی اتوار 26 نومبر 2023 00:26

لاہور میں تیز ترین تعمیرات کا نیا ریکارڈ قائم
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 نومبر2023ء) لاہور میں تیز ترین تعمیرات کا نیا ریکارڈ قائم، کیولری انڈر پاس منصوبہ 6ماہ کی بجائے صرف ڈھائی ماہ میں مکمل ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے کیولری میں زیر تعمیر انڈر پاس ڈھائی ماہ سے بھی کم مدت میں مکمل کر لیا گیا۔ کیولری انڈر پاس کو اتوار کے روز ٹریفک کیلئے کھول دیا جائے گا۔ نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی کیولری انڈر پاس کا افتتاح کریں گے ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کیولری انڈرپاس منصوبے کو 6ماہ میں مکمل ہونا تھا تاہم منصوبہ ریکارڈ مدت میں مکمل ہو گیا۔ کیولری انڈرپاس کو مدت تکمیل سے ساڑھے تین ماہ قبل ٹریفک کیلئے کھولا جارہا ہے ۔ خالد بٹ چوک پر دو رویہ، دولین پر مشتمل 540میٹرطویل کیولری انڈرپاس تعمیر کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اس انڈر پاس کی تعمیر سے سنٹر پوائنٹ گلبرگ سے گھوڑا چوک ڈیفنس موڑ تک سگنل فری کوریڈورمکمل ہوگیا ہے۔

انڈر پاس سے روزانہ ایک لاکھ 80ہزار گاڑیاں گزریں گی اورآمدورفت میں آسانی ہوگی۔ جبکہ اسی علاقے میں سی بی ڈی قائد ڈسٹرکٹ پراجیکٹ سنٹرپوائنٹ گلبرگ سے والٹن تک سڑک کے اسفالٹ کے کام کو دسمبر کے پہلے عشرے میں مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ سنٹر پوائنٹ کو والٹن روڈ سے منسلک کرنے سے فاصلہ تین منٹ میں طے ہو گا۔والٹن فلائی اوور کی پائلز کا کام مکمل ہو چکا ہے۔

جبکہ والٹن روڈ کی اپ گریڈیشن و ری ماڈلنگ میگا پراجیکٹ کے سلسلے میں والٹن روڈ پر 6 مقامات پر کام شروع کیا جارہاہے جس پر 9 ارب روپے سے زائد لاگت آئے گی۔ چیل چوک پر فلائی اوور بھی بنایا جائے گا جس سے ٹریفک کی روانی میں مزید آسانی ہوگی۔ جبکہ کچھ دن قبل ہی لاہور کا ایک اور اہم ترقیاتی منصوبہ کم ترین وقت میں مکمل کر لیا گیا۔ 16 نومبر کو شاہدرہ فلائی اوور 6ماہ سے بھی کم مدت میں مکمل کر کے ٹریفک کے لئے کھول دیا گیا ۔