لاہور میں کار سواروں کی کالج بس پر فائرنگ، 2 طالبات زخمی ہو گئیں

بس میں سوار طالبات ٹرپ پر پتوکی سے آزاد کشمیر جا رہی تھی،پولیس نے مقدمہ درج کر لیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 28 نومبر 2023 12:50

لاہور میں کار سواروں کی کالج بس پر فائرنگ، 2 طالبات زخمی ہو گئیں
لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 28 نومبر 2023ء ) سندر میں کالج بس پر کار سواروں نے فائرنگ کر دی۔فائرنگ کے نتیجے میں دو طالبات زخمی ہو گئیں۔زخمی طالبات کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔بس میں سوار طالبات ٹرپ پر پتوکی سے آزاد کشمیر جا رہی تھیں۔نجی کالج کا ٹرپ جا رہا تھا اس لیے بس طالبات سے بھری ہوئی تھی۔کالج بس پتوکی سے آ رہی تھی اور جیسے ہی لاہور کی حدود میں داخل ہوئی تو یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا۔

فائرنگ کے واقعے کے بعد پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی۔پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے۔ متاثرہ لڑکی کے بھائی کی مدعیت میں تھانہ سندر میں درج کیا گیا۔تاحال پولیس ملزمان کو گرفتار کرنے میں کامیاب نہ ہوئی تاہم واقعے سے متعلق تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

پولیس کا کہنا ہے کہ جلد ملزمان کو ٹریس کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔دوسری جانب ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی لاہور نے سکول طلباء کے تمام فیلڈ ٹرپس،آوٹ ڈور سرگرمیوں پر بلااجازت پابندی عائد کردی گئی ہے، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی لاہور کی جانب سے جاری مراسلے میں ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ ڈی سی،سی ای او ایجوکیشن اتھارٹی لاہورسے پیشگی اجازت کے بغیر تمام سکولوں کے دوروں پرپابندی ہوگی، پابندی اسلام آباد میں شرقپور کے نجی سکول ٹرپ کو پیش آنے والے حادثے کے بعد کیا گیا۔

سی ای او ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی لاہور نے تمام ایجوکیشن افسران کو احکامات پر عملدرآمد کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔خیال رہے کہ شیخوپورہ سے اسلام آباد جانے والی سکول بس شاہدرہ کے قریب بے قابو ہو کر حادثے کا شکار ہوگئی جس کے نتیجے میں ایک طالب علم جاں بحق اور 14 زخمی ہوگئے۔ پولیس اور ریسکیو ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں پکنک پر جانے والے سکول کے بچے شاہدرہ کے علاقے میں افسوسناک حادثے کا شکار ہو گئے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ امدادی ٹیموں نے زخمی طلباء کو فوری طور پر فیڈرل گورنمنٹ سروسز ہسپتال (پولی کلینک) منتقل کر دی۔واضح رہے کہ بس میں 40 سے زائد بچے سوار تھے۔ متاثرہ خاندانوں میں غم کی لہر دوڑ گئی ۔