پریکٹس میچ ، پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے نیوزی لینڈ الیون کو57 رنزسے شکست دیدی ، نداڈارکی 4 وکٹیں

منگل 28 نومبر 2023 20:14

پریکٹس میچ ، پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے نیوزی لینڈ الیون کو57 رنزسے شکست ..
لنکولن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 نومبر2023ء) پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے نیوزی لینڈ الیون ویمنز ٹیم کو 57 رنز سے شکست دے دی، پاکستان ویمنز کے 239 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کیوی الیون ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 181 رنز بنا سکی، آل رائونڈر ندا ڈار نے 11 رنز کے عوض 4 اہم وکٹیں حاصل کرکے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ نیوزی لینڈ کے دورہ پر گئی ہوئی پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے منگل کو برٹ سٹکلف لنکولن میں کھیلے گئے پریکٹس میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 13 وکٹوں کے نقصان پر 238 رنز بنائے، میچ میں پورے سکواڈ کو کھیلنے کا موقع دیا گیا، نجیہہ علوی نے 38 اور سدرہ امین نے 32 رنز کی اننگز کھیلی، عمائمہ سہیل 24 اور عالیہ ریاض 20 رنز بنا کر آئوٹ ہوئیں، ان کے علاوہ دیگر بیٹرز قابل ذکر پرفارمنس کا مظاہرہ نہ کر سکیں۔

(جاری ہے)

کیوی الیون کی طرف سے گوبی سلوین نے 4، لیگ کاسپریک نے 3 جبکہ اوشین بارٹلیٹ اور نینسی پٹیل نے دو دو وکٹیں حاصل کیں، کیلی نائٹ اور فلورا ڈیونشائر نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ پاکستان ویمنز کے 239 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ الیون ویمنز ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 13 وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز بنا سکی، اوپننگ جوڑی ابیگیل گارکن نے 42 اور نینسی پٹیل نے 24 رنز بنائے، اوشین بارٹلیٹ نے 23 اور جارجیا پلیمر نے 17 رنز بنائے، ان کے علاوہ کیوی ٹیم کی 9 بیٹرز ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکیں۔

پاکستان ویمنز ٹیم کی آل رائونڈر ندا ڈار نے 11 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کرکے فتح میں اہم کردار ادا کیا، ڈیانا بیگ، نشرہ سندھو اور عالیہ ریاض نے دو دو وکٹیں حاصل کیں، فاطمہ سنا، وحیدہ اختر اور غلام فاطمہ نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ واضح رہے کہ پاکستان ویمنز ٹیم نیوزی لینڈ ویمنز ٹیم کے خلاف سیریز کا باقاعدہ آغاز 3 دسمبر کو پہلے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل سے آغاز کرے گی۔