جس دن بیٹے کی موت ہوئی اس دن رات کو بیٹے اور نوکر کے فون بند تھے

بیٹے کا بنوں سے تبادلہ ہو گیا تھا، ایک دن بعد راوپنڈی کیلئے روانہ ہونا تھا، اتوار کے دن فجر کے وقت بیٹے کی کال آئی لیکن نماز کی وجہ سے بات نہ ہو سکی، اس کے بعد کئی کالز کیں لیکن بیٹے نے فون نہیں اٹھایا، بیٹے کی شادی ہوئی تھی لیکن پھر علیحدگی ہو گئی تھی، بلال پاشا کے والد کا انکشاف

muhammad ali محمد علی منگل 28 نومبر 2023 22:55

جس دن بیٹے کی موت ہوئی اس دن رات کو بیٹے اور نوکر کے فون بند تھے
خانیوال (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 28 نومبر 2023ء) بلال پاشا کے والد نے انکشاف کیا ہے کہ جس دن بیٹے کی موت ہوئی اس دن رات کو بیٹے اور نوکر کے فون بند تھے۔ تفصیلات کے مطابق مبینہ خود کشی کرنے والے نوجوان سرکاری افسر بلال پاشا کے والد نے اردو پوائنٹ سے خصوصی گفتگو میں کئی اہم انکشافات کر دیے۔

بلال پاشا کے بزرگ والد نے بتایا کہ بیٹے کا بنوں سے تبادلہ ہو گیا تھا، ایک دن بعد راوپنڈی کیلئے روانہ ہونا تھا۔

گزشتہ ہفتے بات ہوئی تو بیٹے نے کہا ابو راولپنڈی تبادلہ ہوا وہاں جا کر آپ کیلئے نئی گاڑی لوں گا، چھٹی لے کر گھر آوں گا اگر چھٹی نہ ملی تو آپ کو ساتھ لے جاوں گا۔ اتوار کے دن فجر کے وقت بیٹے کی کال آئی لیکن نماز کی وجہ سے بات نہ ہو سکی، اس کے بعد کئی کالز کیں لیکن بیٹے نے فون نہیں اٹھایا، اس دن رات کو کال کی تو فون ہی بند تھا۔

(جاری ہے)

پھر بیٹے کے قریبی دوست کو کال کی اسے بتایا کہ بلال کال نہیں اٹھا رہا تو پھر وہ بیٹے کی رہائش گاہ گیا، وہاں کمرے کا دروازہ کھٹکھٹاتا رہا، دروازہ نہ کھلنے پر دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوا تو بیٹا کی لاش سامنے پڑی تھی۔

بلال پاشا کے والد نے مزید بتایا کہ ان کے بیٹے کو کوئی پریشانی نہیں تھی۔ بیٹے نے کبھی کسی سے اپنی کسی پریشانی کا ذکر نہیں کیا۔ بیٹے کے پریشان ہونے سے متعلق جتنی باتیں سامنے آ رہی ہیں وہ غلط ہیں، بیٹا کو تو خود مجھے کال کر تسلیاں دیتا تھا۔ بیٹے پر نوکری کے حوالے سے بھی کوئی دباو نہیں تھا، بیٹے نے پشاور اور بنوں میں جہاں بھی کام کیا وہاں سب لوگ بیٹے سے خوش تھے۔ بلال پاشا کے والد نے مزید بتایا کہ ان کے بیٹے کی شادی ہوئی تھی تاہم میاں بیوی کی علیحدگی ہو گئی تھی، دونوں کی کئی اولاد نہیں تھی۔