Live Updates

جی-10 بمقابلہ رافیل،پاک بھارت فضائی جنگ نے دنیا کو ہلا کر رکھ دیا

پاکستانی فضائیہ نے بھرپور دفاع کرتے ہوئے 5 بھارتی طیارے مار گرائے جن میں 3 رافیل طیارے شامل تھے،پاک فوج

جمعہ 9 مئی 2025 13:43

جی-10 بمقابلہ رافیل،پاک بھارت فضائی جنگ نے دنیا کو ہلا کر رکھ دیا
اسلام آباد / نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2025ء)پاکستان اور بھارت کے درمیان 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب ہونے والی فضائی جھڑپ نے دنیا کی توجہ اپنی جانب کھینچ لی ۔ ذرائع کے مطابق اس جھڑپ میں چین کے تیار کردہ پاکستانی جی-10 لڑاکا طیارے اور فرانسیسی ساختہ بھارتی رافیل طیارے ایک دوسرے کے مدمقابل آئے، جسے عالمی ماہرین آئندہ جنگی حکمت عملیوں اور فضائی ٹیکنالوجی کی جانچ کیلئے انتہائی اہم قرار دے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

پاک فوج کے مطابق پاکستانی فضائیہ نے بھرپور دفاع کرتے ہوئے 5 بھارتی طیارے مار گرائے جن میں 3 رافیل طیارے شامل تھے۔ امریکی ذرائع نے تصدیق کی کہ پاکستانی پائلٹوں نے دو بھارتی طیاروں کو نشانہ بنایا۔ جھڑپ کے دوران 125 سے زائد طیارے شریک تھے جبکہ میزائلوں کا تبادلہ 160 کلومیٹر تک کی دوری سے بھی کیا گیا۔ماہرین نے کہاکہ یہ لڑائی محض ایک واقعہ نہیں بلکہ دنیا کی افواج کیلئے ایک عملی مظاہرہ تھا جس سے وہ جدید فضائی ہتھیاروں، پائلٹس کی مہارت، اور حکمت عملیوں کا تجزیہ کر سکیں گے۔ امریکا، چین، اور یورپی ممالک اس جھڑپ کی مکمل رپورٹس کا تفصیلی مطالعہ کریں گے تاکہ اپنی فضائی افواج کو مستقبل کی جنگوں کیلئے تیار کیا جا سکے۔
Live پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات