ایران میں 17 اسالہ لڑکے کو پھانسی دیدی گئی

رواں سال ایران میں کسی بھی بچے کو دی جانے والی پہلی پھانسی ہے،اقوام متحدہ

بدھ 29 نومبر 2023 14:37

ایران میں 17 اسالہ لڑکے کو پھانسی دیدی گئی
نیویارک /تہران(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 نومبر2023ء) اقوام متحدہ نے ایران میں 17 سالہ نوجوان کو پھانسی دیے جانے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زور دیا ہے کہ ایران فوری طور پر سزائے موت کا اطلاق بند کرے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اقوا متحدہ کے دفتربرائے انسانی حقوق کا کہنا ہے کہ وہ ایران کی جانب سے دی جانے والی پھانسیوں سے متعلق تشویش میں مبتلا ہیں۔

ترجمان الزبتھ تھروسل نے ایک بیان میں کہا کہ حمید رضا آذری پر قتل کا الزام تھا، جو رواں سال ایران میں کسی بھی بچے کو دی جانے والی پہلی پھانسی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایران بین الاقوامی قوانین کے تحت 18 سال سے کم عمر افراد کو کسی بھی جرم میں ملوث پائے جانے پر پھانسی نہ دے۔الزبتھ تھروسل کا کہنا تھا کہ ہم 22 سالہ میلاد ظہریوند کی پھانسی متعلق بھی تشویش میں مبتلا ہیں، جسے ستمبر2022 میں ہونے والے مظاہروں کے تناظر میں پھانسی دی گئی، جبکہ پھانسی کی سزا پانے والا یہ آٹھواں شخص ہے۔

(جاری ہے)

الزبتھ تھروسل نے ایران پر زور دیا کہ وہ سزائے موت کے اطلاق کو فوری طور پر روکے اور اس پر پابندی عائد کرے، اس وقت تک موت کی سزا صرف انتہائی سنگین جرائم کے لیے دی جا سکتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم حکومت سے یہ بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ سیاسی کارکنوں اور دوسروں کو آزادی اظہار کے تحت پرامن اجتماع کا اپنا حقوق کا استعمال کرنے پر سزا دینے سے کے مجرمانہ طریقہ کار کا استعمال بند کرے۔