پنجاب میں شہریوں کی سہولت کے لئے 13 ڈرائیونگ ٹیسٹنگ سینٹرز کا اضافہ

شہری ای خدمت مراکز سے دیگر لائسنس سروسز سمیت نئے ڈرائیونگ لائسنس کی سہولت بھی حاصل کر سکیں گے

بدھ 29 نومبر 2023 17:10

پنجاب میں شہریوں کی سہولت کے لئے 13 ڈرائیونگ ٹیسٹنگ سینٹرز کا اضافہ
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 نومبر2023ء) ایڈیشنل آئی جی ٹریفک مرزا فاران بیگ نے پنجاب بھر میں 13 ڈرائیونگ ٹیسٹنگ سینٹرز کا اضافہ کر دیا ۔ گزشتہ روز ایڈیشنل آئی جی ٹریفک مرزا فاران بیگ نے ارفع کریم پی آئی ٹی بی ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا ۔ چیئرمین پی آئی ٹی بی فیصل یوسف اور ڈی جی پی آئی ڈی بی وسیم بھٹی کے ہمراہ دیگر افسران نے اجلاس میں شرکت کی ۔

اجلاس کی صدارت ایڈیشنل آئی جی ٹریفک پنجاب مرزا فاران بیگ نے کی ۔اجلاس کا ایجنڈا لایسنسنگ سینٹرز میں عوام کا رش اور عوام کو ریلیف دینا تھا ۔ ترجمان کے مطابق ٹریفک پولیس پنجاب اور پی آئی ٹی بی کے اشتراک سے صوبہ بھر میں13 نئے ٹیسٹنگ سینٹرز کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔صوبہ بھر میں 13ای خدمت مراکز میں شہریوں کی سہولت کے لئے دیگر سروسز کیساتھ ڈرائیونگ ٹیسٹ کی سہولت بھی دی جائے گی۔

(جاری ہے)

اب شہری ای خدمت مراکز سے دیگر لائسنس سروسز سمیت نئے ڈرائیونگ لائسنس کی سہولت بھی حاصل کر سکیں گے۔ایڈیشنل آئی جی ٹریفک مرزا فاران بیگ نے کہا کہ آئی جی پنجاب کی سربراہی میں ٹریفک پولیس لائسنسنگ سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے جدت کی طرف گامزن ہے،مستقبل کے چیلنجز کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کو آسان بنانے کیلے مزید اصلاحات لائی جا رہی ہیں، لائسنسنگ سینٹرز میں عوام کے رش کو مدنظر رکھتے ہوئے مزید نئے لایسنسنگ سینٹرز کا اضافہ کیا جارہا ہے ، دوران ڈرائیونگ ڈرائیور کے پاس ڈرائیونگ لائسنس کا ہونا ایک خود اعتماد ڈرائیونگ کی پہچان ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں کی سہولت کے پیش نظر افسران و جوانوں کی تربیت کے معیار کو بھی مزید بہتر بنایا جا رہا ہے، اللہ تعالی کا دیا ہوا ختیار ایک امانت ہے جسے عوام الناس کی خدمت کیلئے استعمال کرنا ہے۔