راولپنڈی،تھانہ ایئرپورٹ علاقہ میں ملزمان کی ڈولفن ٹیم پر فائرنگ

جوابی فائرنگ کے دوران زخمی ملزم گرفتار، زیر استعمال موٹرسائیکل، اسلحہ، موبائل فونز و نشہ آور گولیاںبرآمد

بدھ 29 نومبر 2023 17:12

راولپنڈی،تھانہ ایئرپورٹ علاقہ میں ملزمان کی ڈولفن ٹیم پر فائرنگ
راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 نومبر2023ء) تھانہ ایئرپورٹ کے علاقہ میں رات گئے خطرناک ملزمان نے ڈولفن ٹیم پر فائرنگ کردی،جوابی فائرنگ کے دوران زخمی ملزم کوگرفتارکرکے زیر استعمال موٹرسائیکل، اسلحہ، موبائل فونز اور نشہ آور گولیاں (ڈانسنگ پلز) برآمدکرلیں ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق تھانہ ایئرپورٹ کے علاقہ میں ڈولفن ٹیم نے سنیپ چیکنگ کے دوران موٹر سائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا تو ملزمان نے فائرنگ کر دی، فائرنگ کے دوران زخمی حالت میں گرفتار ملزم کی شناخت محمد کامران کے نام سے ہوئی، ملزم سے زیر استعمال موٹرسائیکل، اسلحہ، موبائل فونز اور نشہ آور گولیاں (ڈانسنگ پلز) برآمد ہوئیں،گرفتار ملزم اقدام قتل، منشیات، ناجائز اسلحہ کے متعدد مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ہے، گرفتار ملزم کے ساتھی کی گرفتاری کے لئے علاقے میں سرچنگ کی گئی،واقعہ کی اطلاع پر سینئر افسران موقع پر پہنچ گئے، زخمی ملزم کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

ملزمان کی فائرنگ کے باوجود بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے ملزم کے گرفتاری پر ایس پی پوٹھوہار نے ڈولفن ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں اور پولیس پر حملہ آور ہونے والے قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔