علی موسیٰ گیلانی اور دیگر کے خلاف ایفی ڈرین کیس میں گواہان کو طلب کرتے ہوئے سماعت 15دسمبر تک کیلئے ملتوی

بدھ 29 نومبر 2023 17:29

علی موسیٰ گیلانی اور دیگر کے خلاف ایفی ڈرین کیس میں گواہان کو طلب کرتے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 نومبر2023ء) انسدادمنشیات خصوصی عدالت نے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی موسیٰ گیلانی اور دیگر کے خلاف ایفی ڈرین کیس میں گواہان کو طلب کرتے ہوئے سماعت 15دسمبر تک کیلئے ملتوی کر دی گئی ۔خصوصی عدالت کے جج راجہ جواد حسن عباس نے سماعت کی۔ دوران سماعت علی موسیٰ گیلانی، انصرفاروق، شیخ انصار، عبدالستار اور دیگر عدالت پیش ہوئے ۔

اسلام آباد ہائیکورٹ سے کیے گئے جرمانہ کی رقم ملزمان نے عدالت میں جمع کرادی۔شریک ملزم افتخار احمدکی طبی بنیاد پر استثنی درخواست دائر کردی گئی۔ پراسیکیوٹر نے اعتراض اٹھایاکہ افتخاراحمد کی درخواست کے ساتھ میڈیکل نہیں لگا ہوا۔عدالت نے دراخواست کے ساتھ میڈیکل لگانے کی ہدایت کردی۔

(جاری ہے)

عدالت نے استفسار کیاکہ جرمانہ کی رقم ایک ایک لاکھ روپے جمع ہوگئے کیا۔

عدالت کی ہدایت پر اسلام آباد ہائیکورٹ سے کیے گئے ایک ایک لاکھ روپے جرمانہ کی رقم عدالت میں جمع کرادی گئی۔وکیل صفائی نے کہاکہ سپریم کورٹ میں اپیل کریں گے۔ جج راجہ جواد عباس حسن نے کہاکہ سپریم کورٹ سے اگر واپسی کا حکم ہوگیا تو واپس کردیں گے۔انہوںنے کہاکہ تین لاکھ واپسی کیلئے دس لاکھ کا وکیل کریں گے کیا۔عدالت نے استفسار کیاکہ گواہان کا بتائیں کیا صورتحال ہے۔

عدالت نے پراسیکیوشن کو ہدایت کی کہ آئندہ سماعت پر گواہان کو لے آئیں اور فہرست دے دیں۔پراسیکیوٹر نے کہاکہ چار مکمل ہوگئے ہیں،باقی رہتے ہیں۔عدالت نے کہاکہ دو دو کرکے عدالت میں پیش کردیں۔وکیل صفائی نے کہاکہ گواہان کے سیٹ ہی پورے نہیں ہو رہے اسی لیے تاخیر ہورہی ہے۔انہوںنے کہاکہ ہماری وجہ سے کوئی تاخیر نہیں ہورہی ہے،گواہان کی فہرست دے دیں تاکہ ہم تیاری کے ساتھ عدالت آئیں۔عدالت نے گواہان کی تفصیلات وکلاء صفائی کو فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔عدالت نے گواہان کو طلب کرتے ہوئے سماعت15 دسمبر تک کیلئے ملتوی کردی۔۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے تین شریک ملزمان مخدوم شہاب الدین، عنصر فاروق اور اسد حفیظ کی بریت درخواستیں ایک، ایک لاکھ جرمانے کے ساتھ مسترد کی تھیں۔