ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز (DUHS) اور احساس ٹرسٹ کے مابین بیروزگار گریجویٹس کی مالی اعانت پراتفاق

جمعرات 30 نومبر 2023 22:55

ٓکراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 نومبر2023ء) ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز (DUHS) اور احساس ٹرسٹ کے مابین بیروزگار گریجویٹس کی ہنرمندی کو جلا دینے کے لیے مالی اعانت پراتفاق ہوگیا ہے،جس کے نتیجے میں بے روزگار گریجویٹس کے لیے ڈاؤ یونیورسٹی کی جانب سے ترتیب دیئے گئے کورس کو احساس ٹرسٹ کی مالی اعانت سے مکمل کرایا جائے گا۔بے روزگار گریجویٹس تین ماہ کے تربیتی کورس کے بعد ملازمت حاصل کر سکیں گے یا ان کے اپنے اسٹارٹ اپس ہوں گے۔

اس معاہدہ ِمفاہمت پر ڈاؤ یونیورسٹی کی جانب سے رجسٹرار ڈاکٹر اشعرآفاق جبکہ احساس ٹرسٹ کی نمائندگی حمزہ اقبال نے کی۔ اس موقع پر ڈاؤ انسٹیٹیوٹ آف بزنس اینڈ ہیلتھ مینجمنٹ کے ڈائریکٹر پروفیسر اظہار حسین بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

معاہدہ برائے مفاہمت کے مطابق احساس ٹرسٹ بے روزگار گریجویٹس کو مائیکرو فائنانس فراہم کرے گا تاکہ وہ سیلز ریپریزنٹیٹو (Sales Representative)کا کورس کر کے مقامی اور بین الاقوامی مارکیٹ میں روزگار حاصل کر سکیں۔

یہ کورس ڈائوانسٹیٹیوٹ آف بزنس اینڈ ہیلتھ مینجمنٹ اور فارماسیوٹیکل انڈسٹری کے مایہ ناز پروفیشنلز کے ساتھ مل کر تیار کیا گیا ہے۔ اس معاہدہ ِمفاہمت کا مقصدفارماسیوٹیکل انڈسٹری کے شعبے میں صلاحیت مندوں اور روزگار کے درمیان فرق کو پورا کرنا ہے اور ڈائو یونیورسٹی اور اقوامِ متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف کے مطابق خاص طور پر کم آمدنی والے نوجوانوںاور ان کے خاندانوں کے لئے، فارماسیوٹیکل سیلز کے شعبے میں مخصوص روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے۔

معاہدے کے مطابق پروگرام کی مینجمنٹ اور آپریشن کے تمام پہلوؤں، جیسے کہ کورس کا اسٹرکچر، کلاسس کا نظام، فیکلٹی کی شیڈولنگ ، متعلقہ کورس مواد کی فراہمی، اور کورس کے معیار کو یقینی بناناڈائویونیورسٹی کی ذمہ داری ہوگی۔معاہدے سے امید کی جا رہی ہے کہ ڈائو یونیورسٹی کی جانب سے اس کورس کی تکمیل پرسیلز ریپریزنٹیٹوکی ایک ایسی ٹیم تیار ہوگی جو فارماسیوٹیکل انڈسٹری کی ضروریات کو پورا کرے گی۔

متعلقہ عنوان :