علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں’’ریسرچ اینڈ پریکٹسسز اِن ایجوکیشن‘‘کے موضوع پر2روزہ آٹھویں عالمی کانفرنس اختتام پذیر

بدھ 9 اپریل 2025 18:25

علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں’’ریسرچ اینڈ پریکٹسسز اِن ایجوکیشن‘‘کے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اپریل2025ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں’’ریسرچ اینڈ پریکٹسسز اِن ایجوکیشن‘‘ کے موضوع پر2روزہ آٹھویں عالمی کانفرنس اختتام پذیر ہو گئی۔ اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد نے تعلیمی میدان میں اوپن یونیورسٹی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ جن موضاعات کا کانفرنس میں احاطہ کیا گیا وہ موجودہ دورکے مسائل کے حل میں کلیدی کردار رکھتے ہیں اور اس سے معاشرے کی اصلاح ہو گی۔

مصنوعی ذہانت پر بات کرتے ہوئے ڈاکٹر مختار نے اس بات پر زور دیا کہ مسلمانوں نے ہی ٹیکنالوجی کی بنیاد رکھی ،اب یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ایسا تعمیری کام کریں کہ ترقی کی دوڑ میں کسی سے پیچھے نہ رہیں،معاشرے اور انسانیت کے لئے ہم سب کو مل کام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ آنے والی نسل فخر کر سکے۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا کہ زندگی کی ضروریات تیزی سے تبدیل ہورہی ہیں جس کے لئے تعلیم کو 30سال بعد کی ضروریات سے ہم آہنگ کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے،ٹیکنالوجی کے میدان میں دن بدن ترقی ہو رہی ہے اور ہمارے سوچنے کا وقت سکڑتا جا رہا ہے اس لئے تعلیمی میدان میں بھی مؤثر حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ تعلیمی میدان میں ہمیں آنے والی نسلوں کے مستقبل کا سوچنا ہوگا،ہمیں سوچنا ہوگا کہ کیا آج پڑھایا جانے والا نصاب 10سال بعد کی ضرورتوں کو پورا کرسکے گا، اگر ایسا نہیں ہے تو پھر آج ہمارے لئے لمحہ فکریہ ہے۔انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر پوری فیکلٹی مبارکباد کی مستحق ہیں۔وائس چانسلر نے پارنٹر آرگنائزیشنز کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس کانفرنس کو کامیاب بنانے میں کردار ادا کیا ہے۔

کانفرنس سیکرٹری ڈاکٹر ظفر اقبال نے کانفرنس کی سمری پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس کانفرنس میں 5 قومی و بین الاقوامی مقررین نے اپنے مقالے پیش کئے۔انہوں نے کہا کہ 156اوورل جبکہ 16پوسٹرز پریذنٹیشنز ہوئیں۔کانفرنس کوآرڈینٹرڈاکٹر محمد اجمل نے کہا کہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود کی لیڈرشپ اور اُن کی وژنری اپروچ کے تحت ہم نے ایک کامیاب کانفرنس کا انعقاد کیا۔