میٹرک بورڈ کراچی کی ٹیم کا میڈیا کے ہمراہ مختلف امتحانی مراکز کا ہنگامی دورہ

ٹیم نے امتحانی عمل کا جائزہ لیا، ٹیم نے طلبہ کے ایڈمٹ کارڈز سے امتحان دینے والوں کی شناخت کی

پیر 14 اپریل 2025 18:38

میٹرک بورڈ کراچی کی ٹیم کا میڈیا کے ہمراہ مختلف امتحانی مراکز کا ہنگامی ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اپریل2025ء)میٹرک امتحانات کا سلسلہ جاری ہے، پیر کو دسویں جماعت کا انگریزی کا پرچہ اختتام پذیر ہو گیا، اس دوران میٹرک بورڈ کراچی کی ٹیم نے میڈیا کے ہمراہ مختلف امتحانی مراکز کا ہنگامی دورہ کیا۔تفصیلات کے مطابق میٹرک بورڈ کراچی کی ٹیم نے ڈسٹرکٹ سینٹرل کے امتحانی مراکز گورنمنٹ گرلز پائلٹ ہائر سیکنڈری اسکول ناظم آباد نمبر 3 اور حسینی گورنمنٹ بوائز ہائیر سیکنڈری اسکول کا دورہ کیا۔

اسسٹنٹ کنٹرولر حبیب اللہ سہاگ اور میڈیا سیل انچارج میٹرک بورڈ جعفری دورہ کرنے والوں میں شامل تھے۔میٹرک بورڈ کراچی کی ٹیم نے امتحانی عمل کا جائزہ لیا، ٹیم نے طلبہ کے ایڈمٹ کارڈز سے امتحان دینے والوں کی شناخت کی، حبیب اللہ سہاگ نے کہا چیئرمین میٹرک بورڈ کی ہدایت پر امتحانی مراکز کا دورہ کر رہے ہیں، امتحانات کا نظام شفاف بنانا ہے۔

(جاری ہے)

دوسری طرف اسسٹنٹ کمشنر سب ڈویژن ناظم آباد مس شائستہ نے بھی حسینی گورنمنٹ بوائز ہائیر سیکنڈری اسکول کا اچانک دورہ کیا اور امتحانی عمل کا جائزہ لیا۔امتحانی کمرے میں پنکھا خراب ہونے پر اسسٹنٹ کمشنر ناظم آباد نے پرنسپل پر برہمی کا اظہار کیا اور اگلے دورے سے قبل کلاس روم کے پنکھے کی مرمت کرانے کا حکم دیا، مس شائستہ نے کہا کراچی کی گرمی ہے سر، بندہ پگھل جاتا ہے، خدارا خیال کریں اور پنکھا مرمت کروائیں۔

اسکول کے باتھ روم میں گندگی پر بھی اسٹنٹ کمشنر نے تشویش کا اظہار کیا، اور امتحانی کلاس روم میں ڈیوٹی پر مامور انویجیلیٹر کو بھی چھاڑ پلا دی، انھوں نے امتحانی کلاس میں ڈیسکوں کے درمیان فاصلہ رکھنے کا حکم دیا، اور کہا یہ کام میرے آنے سے پہلے ہونا چاہیے تھا۔اسسٹنٹ کمشنر سب ڈویژن نے تاکید کی کہ ڈیوٹی پر تعینات اساتذہ بورڈ کے احکامات پر سختی سے عمل درآمد کریں۔

متعلقہ عنوان :