لیگی رہنما دانیال عزیز نے احسن اقبال کو مہنگائی کا ذمہ دار قرار دے دیا

غریب عوام کو کمر توڑ مہنگائی کا سامنا کرنا پڑا جو احسن اقبال کی مکمل نا اہلی تھی، پارٹی نے مہنگائی کا نوٹس لیا ہوتا تو ناکامی پر احسن اقبال کو برطرف کر دیا جاتا، دانیال عزیز

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری جمعرات 30 نومبر 2023 21:33

لیگی رہنما دانیال عزیز نے احسن اقبال کو مہنگائی کا ذمہ دار قرار دے دیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - 30 نومبر2023ء) سینئر لیگی رہنما دانیال عزیز نے اپنی ہی پارٹی کے جنرل سیکریٹری احسن اقبال کو مہنگائی کا ذمہ دار قرار دے دیا۔ نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق دانیال عزیز نے پارٹی جنرل سیکریٹری احسن اقبال کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ غریب عوام کو کمر توڑ مہنگائی کا سامنا کرنا پڑا جو احسن اقبال کی مکمل نا اہلی تھی، پارٹی نے مہنگائی کا نوٹس لیا ہوتا تو ناکامی پر احسن اقبال کو برطرف کر دیا جاتا۔

ان کا کہنا تھا کہ الیکشن سرپر ہیں اور پارٹی مہنگائی کا نوٹس نہ بھی لے تو عوام ہرحال میں لیں گے، اب وہ ووٹ کو جاری مہنگائی سے جوڑ رہے ہیں جس کے ذمہ دار احسن اقبال ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس نااہلی کی وجہ سے ہماری حکومت عوامی سطح پر مکمل ناکام ہوگئی تھی، ہماری پارٹی مسلم لیگ ن مہنگائی کو کم رکھنے کا بہت اچھا ریکارڈ رکھتی تھی، لیکن مہنگائی کی وجہ سے ہماری پارٹی کی ساکھ کو شدید نقصان پہنچا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ احسن اقبال بلدیاتی حکومتوں کے بارے میں خودکو عقل کُل سمجھتے ہیں، احسن اقبال کو مقامی حکومتوں سے متعلق تقریر جھاڑنے سے پہلے جواب دینا چاہیے کہ وہ جب (گزشتہ دور حکومت میں) پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کے چیئرمین تھے تو ریکارڈ توڑ مہنگائی پر قابو کیوں نہ پاسکے۔ واضح رہے کہ ملک میں مہنگائی کی شرح 41 اعشاریہ 13 فیصد کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔

آج سے چند روز قبل 18اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا تھا، 12میں کمی ہوئی، لہسن ، پیاز ، زندہ مرغی ، دال مونگ ، دال چنا ، 20 کلو آٹے کا تھیلا مہنگا ، ٹماٹر ، گھی، انڈے اور کھلا دودھ سستا ہوا۔ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ہفتے 18اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، 12 اشیا سستی اور 21 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔رپورٹ کے مطابق ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں 0.06 فیصد کی معمولی کمی ہوئی، اور سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی مجموعی شرح 41.13 فیصد ریکارڈ ہوئی۔

ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ہفتے لہسن فی کلو 26 روپے مہنگا ہوا، پیاز کی فی کلو قیمت میں 3 روپے کا اضافہ ہوا، اور زندہ مرغی فی کلو 6روپے مہنگی ہوئی، دال مسور 3 روپے، دال مونگ اور دال چنا ایک ایک روپے مہنگی ہوئی۔