مشہور سیاحتی مقامات نے برف کی سفید چادر اوڑھ لی

ملک کے کئی علاقوں میں جاڑے کے موسم کا باقاعدہ آغاز ہو گیا، آئندہ چند روز میں سردی کی تگڑی لہر ملک میں داخل ہونے کیلئے تیار

muhammad ali محمد علی جمعہ 1 دسمبر 2023 00:22

مشہور سیاحتی مقامات نے برف کی سفید چادر اوڑھ لی
مانسہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 نومبر2023ء) مشہور سیاحتی مقامات نے برف کی سفید چادر اوڑھ لی، ملک کے کئی علاقوں میں جاڑے کے موسم کا باقاعدہ آغاز ہو گیا، آئندہ چند روز میں سردی کی تگڑی لہر ملک میں داخل ہونے کیلئے تیار۔ تفصیلات کے مطابق نومبر کے ماہ کے اختتام پر ملک کے کئی علاقوں میں سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ ہونا شروع ہو گیا ہے۔

ملک میں چند روز قبل داخل ہونے والے مغربی ہواوں کے سلسلے کے باعث کئی مشہور سیاحتی مقامات پر برفباری بھی ہوئی ہے۔ خیبرپختونخواہ کے مشہور سیاحتی ضلع مانسہرہ کے میدانی علاقوں میں بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ رات گئے میدانی علاقوں سمیت وادی سرن، وادی کونش، وادی کاغان کے پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔

(جاری ہے)

سیاحتی مقامات سری پائے، ناران ، بٹہ کنڈی میں برفباری اور بارشِ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ ناران بازار میں ایک انچ سے زائد برف پڑ چکی ہے۔ کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے مطابق شاہراہِ کاغان ناران تک ٹریفک کیلئے کھلی ہوئی ہے جبکہ مختلف مقامات پر سٹاف بھی مقامی لوگوں اور آنے والے سیاحوں کی رہنمائی کے لیے موجود ہے۔ مانسہرہ کے علاوہ ہزارہ ڈویژن کے ضلع بٹگرام کے میدانی علاقوں میں بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے ،وادی الائی کے پہاڑوں نے برف کی سفید چادر اوڑھ لی ہے۔

دوسری جانب گلیات ریجن میں بھی برفباری ہوئی ہے۔ ترجمان گلیات ڈویلوپمنٹ اتھارٹی کےمطابق جمعرات کے روز چھانگلہ گلی، خیراگلی، ڈونگاگلی سمیت دیگرعلاقوں میں برفباری ہوئی جس کے باعث کچھ دیر کے لیے موسم نقطہ انجماد سےبھی گر گیا تھا۔ بعد ازاں بارش کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا۔ جبکہ ماہرین موسمیات نے بھی پیشن گوئی کی ہے کہ دسمبر کے پہلے ہفتے کے اختتام پر سردی کی ایک تگڑی لہر ملک میں داخل ہونے والی ہے، جس سے ملک بھر میں سردی کی شدت میں زبردست اضافہ متوقع ہے۔

متعلقہ عنوان :