Live Updates

آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر ملک بھر میں دوسرے روز بھی جشن

پاک افواج کے حق میں نعرے اور ریلیاں، مٹھائیاں تقسیم کی گئیں

اتوار 11 مئی 2025 12:40

آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر ملک بھر میں دوسرے روز بھی جشن
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مئی2025ء)آپریشن ’’بنیان مرصوص ‘‘کی کامیابی کی خوشی میں ملک بھر میں دوسرے روز بھی جشن منانے کا سلسلہ جاری رہا ، سیاسی و مذہبی جماعتوں اور تنظیموں کی جانب سے اظہار تشکر ریلیاں نکالی گئیں ، مٹھائیاں تقسیم کی گئیں ،شرکاء ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالتے ہوئے پاکستان زندہ باد اور پاک افواج زندہ باد کے نعرے لگاتے رہے ۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر اتوار کے روز یومِ تشکر منانے کا اعلان کیا گیا تھا۔ لاہور، مریدکے، نارروال، سیالکوٹ، راولپنڈی، ایبٹ آباد، کشمور، کوئٹہ، گوادر، پشاور، ہری پور، ڈیرہ اسماعیل خان ، اٹک، کراچی،گھوٹکی، ڈیرہ غازی خان سمیت دیگر مقامات پر پاکستانی عوام کی جانب سے پاکستان افواج کے کامیاب آپریشن کی خوشی میں جشن منایا گیا ، کئی مقامات پر ریلیاں نکالی گئیں جس کے شرکاء پاکستان زندہ باد اور پاک افواج زندہ باد کے نعرے لگاتے رہے ۔

(جاری ہے)

اس دوران مٹھائیاں بھی تقسیم کی گئیں جبکہ شرکاء ڈھو ل کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالتے رہے ۔ آپریشن بنیان مرصوص کی خوشی میں لاہور میں آتش بازی کا شاندار مظاہرہ بھی کیا گیا ۔ اس موقع پر عوام نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی افواج نے ازلی دشمن کو ناکوں چنے چبوا دئیے ہیں۔ بھارت اب پاکستان کے خلاف جارحیت کرنے سے پہلے ہزار بار سوچے گا ۔ انہوںنے کہا کہ بھارت کا ماضی دیکھا جائے تو اس پر اعتبار نہیں کیا جا سکتا اس لئے پاکستان کی افواج اور پاکستانی قوم ہر لمحے انہیں منہ توڑ جواب دینے کے لئے تیار ہیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات