Live Updates

پاکستان کی سالمیت اور خود مختاری کی حمایت جاری رکھیں گے، چینی وزیرخارجہ کی اسحاق ڈار سے گفتگو

پاکستان اور بھارت بات چیت سے مسائل کا حل نکالیں اور کشیدگی میں اضافہ نہ کریں؛ بھارتی قومی سلامتی مشیرسے بھی رابطہ

Sajid Ali ساجد علی اتوار 11 مئی 2025 12:40

پاکستان کی سالمیت اور خود مختاری کی حمایت جاری رکھیں گے، چینی وزیرخارجہ ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 مئی 2025ء ) چین کے وزیرخارجہ وانگ ژی نے وزیر خا رجہ اسحاق ڈار سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے پاکستان اور بھارت سے دیرپا جنگ بندی کے لیے مشاورت اور سفارتی حل پر زور دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق چین کے وزیر خارجہ نے کہا کہ چین پاکستان کی سالمیت اور خود مختاری کی حمایت جاری رکھے گا، اس موقع پر چینی وزیر خارجہ نے پاکستان اور بھارت سے دیرپا جنگ بندی کے لیے مشاورت اور سفارتی حل پر زور دیا، چین پہلگام حملے سمیت ہر قسم کی دہشت گردی کی مخالفت کرتا ہے، بھارت و پاکستان ہمسایہ ممالک ہیں انہیں امن و استحکام کو خطرے میں نہیں ڈالنا چاہیئے۔

بتایا گیا ہے کہ چینی وزیر خارجہ کی بھارتی قومی سلامتی مشیر اجیت دوول سے بھی گفتگو ہوئی جس میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت بات چیت سے مسائل کا حل نکالیں اور کشیدگی میں اضافہ نہ کریں، اس دوران بھارتی مشیر بھارتی قومی سلامتی اجیت دوول نے وزیرخارجہ وانگ ژی سے گفتگو میں بتایا کہ پہلگام حملے میں بھارتی اہلکاروں کی ہلاکت ہوئی، بھارت کو دہشتگردی کے خلاف کارروائی کرنا پڑی، جنگ بھارت کا انتخاب نہیں تھا، بھارت اور پاکستان جنگ بندی کیلئے پرعزم ہیں۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز جنگ بندی سے قبل بھی پاک بھارت کشیدگی اور خطے کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر چین نے گہری تشویش کا اظہار کیا تھا، چینی وزارت خارجہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان اور بھارت تحمل کا مظاہرہ کریں، فریقین امن اور استحکام کے وسیع تر مفاد میں کام کریں، دونوں ممالک سیاسی تصفیے کی راہ پر واپس آئیں اور ایسے کسی بھی قدم سے گریز کریں جو کشیدگی میں مزید اضافہ کرے، یہ ناصرف بھارت اور پاکستان کے بنیادی مفاد میں ہے بلکہ پورے خطے کے امن و استحکام کیلئے بھی ضروری ہے، یہی وہ بات ہے جس کی بین الاقوامی برادری بھی توقع رکھتی ہے، چین اس سلسلے میں تعمیری کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات